نواز شریف کے اعلان پر بجلی صارفین کو کتنا ریلیف ملے گا؟ اعداد و شمار سامنے آگئے

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی جانب سے بجلی کے بلوں میں 14 روپے فی یونٹ ریلیف کے اعلان کے بعد صارفین کو بجلی بلوں میں ملنے والے ریلیف کے اعداد و شمار منظر عام پر آگئے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے اعلان کے بعد بجلی صارفین کے بلوں میں 38 فیصد تک کمی ہو گی، 18 ہزار 551 روپے بل ادا کرنے والے کو اب 11 ہزار 495 روپے ادا کرنے پڑیں گے۔

بجلی کی قیمتوں میں کمی کے بعد بجلی کے ٹیرف اور ٹیکس میں بھی واضح کمی ہو گی۔

واضح رہے کہ صدر مسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے 14 روپے فی یونٹ ریلیف کا اعلان کیا ہے، بجلی بلوں میں ریلیف دینے کیلئے 45 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جو ترقیاتی پیکیج کے فنڈز سے کٹوتی کرکے عوام کو ریلیف کے طور پر دیئے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف کے اعلان کے بعد لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے 48 لاکھ 44 ہزار 50 صارفین کو ریلیف ملے گا۔

لیسکو کے صارفین کی تعداد 65 لاکھ سے زائد ہے، لیسکو کے 49 لاکھ گھریلو صارفین ہیں، 500 یونٹس تک کا بنیادی ٹیرف ریٹ 37 سے 38 روپے فی یونٹ ہے، 14 روپے ریلیف ملنے سے یونٹ 24 روپے کا ہوجائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں