ڈیجیٹل اکانومی کی طرف گامزن، شہریوں کا ڈیٹا محفوظ بنانے کیلئے کوشاں ہیں: شزا فاطمہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل اکانومی کی طرف گامزن، جبکہ حکومت شہریوں کا ڈیٹا محفوظ بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔
اسلام آباد میں سائبر سکیورٹی کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹل پاکستان حکومت کی اولین ترجیح ہے، سائبر سکیورٹی عصر حاضر میں انتہائی اہمیت اختیار کر چکی ہے اور ٹیکنالوجی میں ترقی کے ساتھ اس کے خطرات بھی بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت اپنی ٹرانزیکشنز کو ڈیجیٹل بنانے کے اقدامات کر رہی ہے اور ڈیجیٹل نیشن پاکستان ویژن میں سائبر سکیورٹی پر خاص توجہ دی گئی ہے، حکومت ڈیجیٹل اکانومی کی جانب گامزن ہے جبکہ محفوظ ڈیجیٹل پاکستان ان کی ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اے آئی اور کوانٹم ٹیکنالوجیز کی وجہ سے سائبر سکیورٹی میں ایڈوانس دیکھنے کو مل رہی ہے اور وزیراعظم خود کیش لیس اکانومی کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔
شزا فاطمہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ملک ڈیجیٹل نیشن کی طرف گامزن ہے، حکومت شہریوں کا پرسنل ڈیٹا محفوظ بنانے کے لیے کوشاں ہے، اور پچھلے سال کئی گنا بڑے دشمن کے خلاف جنگ میں سائبر سکیورٹی نے ہماری فتح میں اہم کردار ادا کیا۔