اقوام متحدہ :بنگلہ دیش میں ہلاکتوں کی تحقیقات کا اعلان

اقوام متحدہ :بنگلہ دیش میں ہلاکتوں کی تحقیقات کا اعلان

ڈھاکہ (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک )اقوام متحدہ نے بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کیخلاف طلبا کے مظاہروں کے دوران شیح حسینہ حکومت کی جانب سے شہریوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے ۔

عبوری حکومت کی درخواست پر اقوام متحدہ کی ٹیم اگلے ہفتے بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔یو این کوآرڈینیٹر برائے بنگلہ دیش گوین لیوس نے خارجہ پالیسی کے مشیر توحید حسائی سے ملاقات کے بعد کہا کہ جلد ایکشن پلان کو حتمی شکل دی جائے گی۔دوروز قبل انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے چیف ایڈوائزر محمد یونس سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ  اقوام متحدہ کی زیر قیادت ہلاکتوں کی تحقیقات جلد شروع کی جائیں گی ۔خیال رہے شیخ حسینہ کے ملک سے فرار ہونے تک مظاہروں میں 580 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ادھر شیخ مجیب کی برسی کے موقع پر حسینہ واجد کے آبائی گھر سے ریلی نکالنے پر ڈنڈوں سے مسلح شہریوں اور طلبا نے عوامی لیگ کے کئی حامیوں کو مارا پیٹا ، ریلی نکالنے سے روک دیا۔مشیر خارجہ توحید حسین کا کہنا تھا اگر وزارت داخلہ نے کہا تو بھارت سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کریں گے ۔ دریں اثنا شیخ حسینہ و دیگر 15 اعلیٰ حکام کیخلاف قتل کا ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا،ایف آئی آر کے مطابق احتجاج کے دوران پولیس نے مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک رکشہ ڈرائیور کو گولی لگ گئی تھی جس سے اس کی موت واقع ہوگئی ۔ یہ شیخ حسینہ پر پانچواں اور قتل کا تیسرا مقدمہ ہے جبکہ انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل میں بھی ایک قتل کیس پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں