غزہ :22ہزار زخمی عمر بھر کیلئے معذور ہو گئے :ڈبلیو ایچ او
جنیوا،غزہ (اے ایف پی)عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ غزہ جنگ میں اب تک تقریباً ایک چوتھائی زخمیوں کی زندگیاں ہمیشہ کیلئے تبدیل ہوگئیں۔
انھیں تمام زندگی زخم، درد اور تکلیف کے ساتھ جینا ہوگا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں میں سے زیادہ تر کے اعضا کاٹنے پڑے ہیں جبکہ کچھ کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ گئی جو عمر بھر کیلئے معذور ہوگئے ۔ متعدد کو دماغی چوٹیں آئیں اور اکثر بری طرح جھلس گئے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے ایسے زخمی عمر بھر مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوسکیں گے ۔دوسری جانب غزہ میں سکول پر اسرائیلی حملے کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی ہے ،اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوترین ،یورپی یونین ،امریکا ،جرمنی ،فرانس سعودی عرب و دیگر ممالک نے کہا ہے کہ اس طرح کے حملے انسانیت پر حملہ ہیں ۔بدھ کے روز اقوام متحدہ کے زیر انتظام الجانی سکول پر صیہونی حملے میں انروا کے 6کارکن بھی ہلاک ہوئے ،سکول پر حملے میں شہدا کی تعداد 20ہو گئی ہے جبکہ کئی کی حالت تشویشناک ہے ۔ڈبلیو ایچ او کا کہنا تھا غزہ میں پولیو ویکسی نیشن مہم کا ہدف90فیصد پورا ہو گیا ہے ۔گزشتہ 24گھنٹے میں صیہونی حملوں میں 34افراد شہید ،80زخمی ہو گئے ،وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں ابتک 41ہزار118فلسطینی شہید ،95ہزار125زخمی ہو چکے ۔ایئر فرانس نے مشرق وسطی میں کشیدگی میں اضافے کے باعث26 اکتوبر تک تل ابیب جانیوالی تمام پروازیں منسوخ کر دیں۔ادھر امارات نے غزہ سے 252 مریضوں اوران کے اہلخانہ کو ا بوظہبی منتقل کر دیا۔وسطی اسرائیل کے شہر رملا میں ایک کار میں دھماکے سے چار افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے ،ایک کی حالت تشویشناک ہے ۔اسرائیلی انٹیلی جنس یونٹ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل یوسی سرییل 7 اکتوبر 2023 کو حماس کا حملہ روکنے میں ناکامی پر مستعفی ہو گئے ۔