لبنانی سرحد پر جھڑپیں ، 2 اسرائیلی ہلاک ،غزہ میں50شہید

لبنانی سرحد پر جھڑپیں ، 2 اسرائیلی ہلاک ،غزہ میں50شہید

بیروت،غزہ ،یروشلم (رائٹرز،اے ایف پی،اے پی )لبنانی سرحد پر اسرائیلی فوج اور حزب اللہ میں دو بدو لڑائی جاری ہے ، حزب اللہ نے جنوبی لبنان سے اسرائیل پر راکٹ داغ دئیے جس کے نتیجے میں میاں بیوی ہلاک ، 12سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔

لبنان اسرائیل سرحد پر فائرنگ کا بھی تبادلہ ہوا۔ اسرائیل نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں 100 سے زیادہ حزب اللہ کے اہداف کو تباہ کیا ۔ حزب اللہ کا کہنا تھا جنوبی لبنان میں دراندازی کی اسرائیلی فوج کی دو کوششوں کو ناکام کر دیا۔اسرائیلی پولیس کے مطابق چار مقامات پرچاقو حملے میں 10افراد زخمی ہوئے ، 6 کی حالت تشویشناک ہے ،پولیس نے مشتبہ شخص کو گولی مار دی ۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ کا پھر محاصرہ کر لیا ، شمالی غزہ پر شدید بمباری ،سڑکیں بند اور امداد کی ترسیل روک دی ۔ 24گھنٹے میں غزہ پر بمباری سے 50 افراد شہید ،100سے زائد زخمی ہو گئے ۔وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک کم ازکم 42ہزار 10فلسطینی شہید،97ہزار720زخمی ہو چکے ۔ اسرائیلی پولیس نے مغربی کنارے میں بھی چار فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔حماس نے کہا کہ قومی اتحاد کی کوششوں پر بات چیت کیلئے قاہرہ میں الفتح کے ساتھ وفود کی سطح پر میٹنگ ہوئی ہے ۔ ملاقات میں غزہ پر جارحیت، سیاسی پیش رفت اور قومی اتحاد پر بات چیت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بدھ کے روز ریاض پہنچے ، انہوں نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل کے ساتھ غزہ اور لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو ختم کرنے کی کوششوں پر بات چیت کی ۔الجزیرہ کے مطابق 130 اسرائیلی فوجیوں نے غزہ میں جنگ بندی تک ڈیوٹی انجام دینے سے انکار کردیا،لندن میں یوتھ ڈیمانڈ گروپ کے 2 کارکنوں نے مشہور آرٹسٹ پکاسو کی پینٹنگ پر غزہ میں خون آلود ماں اور بچے کی تصویر لگادی اور اسرائیل پر ہتھیاروں کی پابندی کا مطالبہ کیا۔ایک نوجوان فلسطین کی آزادی کے نعرے بھی لگا رہا تھا ۔پولیس نے دونوں کو گرفتار کر لیا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے صحافیوں کو بتایا کہ اسرائیل کو لبنان میں غزہ کی طرح فوجی آپریشن کرنے سے گریز کرنا چاہیے ،غزہ کی صورتحال پر ناقابل یقین حد تک تشویش ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں