تائیوان کے ارد گرد چینی فوجی مشقیں ، آزادی قبول نہیں :چین

تائیوان کے ارد گرد چینی فوجی  مشقیں ، آزادی قبول نہیں :چین

بیجنگ، تائی پے ،واشنگٹن (اے ایف پی) چین نے گزشتہ روز تائیوان کے ارد گرد مشترکہ فوجی مشقیں کیں ۔ چینی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہم دوبارہ پرامن اتحاد کے امکانات کیلئے مخلصانہ کوشش کرتے ہیں۔

چین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تائیوان کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے طاقت کے استعمال سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے خبردار کیا کہ آزادی کی حامی قوتوں کی اشتعال انگیزیوں کو یقینی جوابی اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔دوسری جانب چینی فوجی مشقوں کے بعد تائیوان کے دفاعی زونز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ، تائیوان کا کہنا تھا دشمن کو جواب دیں گے ۔ادھر امریکا نے چینی فوجی مشقوں پر اپنے ردعمل میں کہا کہ چین کی فوجی مشقیں غیرضروری ہیں ،کشیدگی بڑھنے کا خطرہ ہے ۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا مشقوں کی مذمت کرتے ہیں ۔بیجنگ تحمل سے کام لے ،امریکا کو پیپلز لبریشن آرمی کی مشترکہ فوجی مشقوں پر شدید تشویش ہے ۔علاوہ ازیں یورپی یونین نے تائیوان کے ارد گرد چینی فوجی مشقوں کے بعد فریقین سے تحمل پر زور دیا ہے ۔چین کے وزیر دفاع نے پیر کو بیجنگ میں بات چیت کے دوران اپنے روسی ہم منصب سے کہا کہ دونوں ممالک کی فوجوں کو اسٹریٹجک تعاون کو گہرا کرنا چاہیے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں