غزہ: وحشیانہ اسرائیلی بمباری، بچوں، خواتین سمیت 90 شہید، سینکڑوں زخمی

غزہ: وحشیانہ اسرائیلی بمباری، بچوں، خواتین سمیت 90 شہید، سینکڑوں زخمی

غزہ، بیروت، یروشلم(اے ایف پی، رائٹرز، اے پی)شمالی اور وسطی غزہ پر وحشیانہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم ازکم 90 افراد شہید، سینکڑوں زخمی ہوگئے۔

 اسرائیلی طیاروں ، ٹینکوں اور ڈرونز نے نہتے بے گھر فلسطینیوں کو نشانہ بنایا ، شہید اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے ۔رپورٹس کے مطابق غزہ کے وسطی علاقے دیر البلاح میں مسجد توبہ کے ارد گرد بے گھر لوگوں کے خیموں پر بمباری کی گئی ،شمالی غزہ میں بیت الاہیا کے علاقے پر اسرائیلی ٹینکوں کی شدید گولہ باری سے کم ازکم 73افراد شہید ہوئے ،کئی ملبے تلے دب گئے ، شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔جنوبی غزہ کے محلے الصابرہ کی السلام مسجد کے قریب ایک گھر پر اسرائیلی بمباری سے کئی افراد شہید اور زخمی ہوئے ،وسطی غزہ میں الزوائدہ کے علاقے میں بے گھر افراد کے خیموں پر بمباری سے بھی کئی افراد مارے گئے ۔ غزہ میں وزارت صحت نے اتوار کے روز کہا کہ7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں ابتک کم ازکم 42ہزار 603فلسطینی شہید ،99ہزار 795زخمی ہو چکے۔

ادھر اسرائیلی آباد کاروں کے حملوں نے فلسطین کی زیتون کی فصل کو برباد کر دیا۔فلسطینی کسان آباد کاروں کے حملوں کی وجہ سے اپنے باغات کی دیکھ بھال کرنے سے خوفزدہ ہیں۔ دیر البلاح میں ایک فارم کے مالک رامی ابو اسد نے کہا کہ نسل در نسل زیتون کی فصلیں فلسطینی زندگی اور ثقافت میں مرکزی حیثیت رکھتی ہیں۔ہم حالت جنگ میں ہیں۔جنگی طیارے بغیر وارننگ کے بمباری کر تے ہیں۔ادھر اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ لبنانی دارالحکومت میں حزب اللہ کے کمانڈ سنٹر کو نشانہ بنایا ہے جس میں حزب اللہ کے تین جنگجوؤں کو شہید کر دیا ۔ لبنان سے فائر کیے گئے 70 راکٹ اسرائیل میں داخل ہوئے جن میں سے اکثر کو ناکارہ بنا دیا گیا ۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ بیروت میں حزب اللہ کے کمانڈ سنٹر اور زیر زمین ہتھیاروں کی تنصیب پر حملہ کیا ہے ۔

حزب اللہ نے اتوار کے روز کہا کہ اس نے شمالی اسرائیل میں تین فوجی اڈوں پر راکٹ فائر کیے ،راکٹ سیلواس نے حیفہ، صفد اور تبریاس کے قریب ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔لبنان کے سرکاری میڈیا نے اسرائیل پر تین سرحدی دیہات عدیسیہ، مارکابہ اور رب الثلاتھین میں وسیع پیمانے پر دھماکا خیز مواد نصب کرنے اور عمارتوں کو دھماکے سے اڑانے کا الزام لگایا۔اسرائیل نے گزشتہ روز جنوبی لبنان کے 50 سے زائد دیہات اور قصبوں پر حملہ کیا اور اس ہفتے تیسری بار نبطیہ شہر کو نشانہ بنایا،لبنان کے سرکاری میڈیا نے کہا سرحدی گاؤں خیام پر 15منٹس کے اندر 14 اسرائیلی حملے ہوئے ۔لبنانی فوج نے کہا کہ اتوار کو ایک گاڑی پر اسرائیلی حملے میں تین فوجی مارے گئے ۔لبنان کے سرکاری میڈیا کے مطابق گزشتہ روز اسرائیلی بمباری میں متعدد افراد شہید وزخمی ہوئے ہیں ۔ادھر جرمن پولیس نے ایک لیبیائی باشندے کو گرفتار کیا ہے جس پر شبہ ہے کہ وہ دولت اسلامیہ سے تعلق رکھتا تھا اور اس نے اسرائیلی سفارت خانے پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں