اسرائیلی فوج کے حملے ،43فلسطینی ،16لبنانی شہری شہید
غزہ (اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ میں اسرائیلی فوج نے ہسپتال اورمغربی کنارے میں بمباری کردی جس سے مزید43فلسطینی شہید ہوگئے ۔
یروشلم میں 7فلسطینیوں کے گھر مسمار کردئیے گئے ،اسرائیلی فوج نے لبنان میں ایک ہی دن میں 16 شہریوں کو شہید اور 90 کو زخمی کردیا۔تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے کمال عدوان ہسپتال پر حملہ کیا ، بمباری سے مزید 37 فلسطینی شہید ہوگئے ۔ اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی میں ڈرون حملہ کرکے 2 فلسطینیوں کو شہید کیا جبکہ غزہ میں امدادی سرگرمیاں معطل ہیں،مغربی کنارے میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے 4فلسطینی شہید ہوئے ۔مغربی کنارے پر اسرائیلی آباد کاروں کے حملے جاری ہیں جہاں متعدد فلسطینیوں کے گھراورگاڑیاں جلادی گئیں۔ اسرائیلی فوج نے لبنان میں بھی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا جس سے 16 شہری شہید اور 90 زخمی ہوئے ۔اسرائیلی علاقے بنیامن میں چیک پوسٹ پرحملہ کیا گیا جس سے دو خواتین فوجی اہلکار زخمی ہوگئیں۔یروشلم میں اسرائیلی عدالت کی جانب سے تعمیر کو غیر قانونی قرار دینے کے بعد مقبوضہ مشرقی یروشلم کے سلوان محلے میں سات فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کردیاگیا۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملو ں میں ابتک 43ہزار391فلسطینی شہید اور 1لاکھ 2ہزار347زخمی ہوچکے ہیں ۔ لبنانی وزیر اعظم نجیب میقاتی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے جنگ بندی کی تمام تجاویز مسترد کر دی ہیں نجیب نے بین الاقوامی برادری پر اسرائیل کو روکنے میں ناکامی پر تنقید کی۔ امریکی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ ایران کو اسرائیلی حملوں کا جواب نہیں دینا چا ہئے ۔پینٹاگون کے ترجمان میجر جنرل پیٹ رائڈر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر ایران جواب دینے کا فیصلہ کرتاہے تو یقیناًٍ ہم اسرائیل اور اسکے دفاع کی حمایت کریں گے ۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں سٹریٹجک تعاون کونسل کے چھٹے اجلاس سے خطاب کرتے کہا دنیا مسئلہ فلسطین حل کے لیے کوششیں جاری رکھے ، مستقل اور منصفانہ حل کیلئے ہماری کوششیں جاری رکھنا انتہائی اہم ہے ۔ رواں سال فلسطین کو تسلیم کرنیوالے یورپی ملک آئرلینڈ نے گزشتہ روز پہلی بار فلسطینی سفیر کی تقرری کو قبول کرلیا ، جیلان وہبہ عبدالمجید آئرلینڈ میں فلسطینی ہیڈ آف مشن ہونگے ۔