اسرائیل کی گھروں اورمہاجرکیمپ پر بمباری ،28فلسطینی شہید
غزہ ،بیروت(اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک ) اسرائیل کے غزہ پر حملے جاری ہیں ،تازہ حملوں میں مزید 28 فلسطینی شہید ہوگئے ۔
اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز نصیرت مہاجرکیمپ میں پناہ گزینوں پربمباری کی، جس کے بعد زخمیوں اور لاشوں کو العودہ ہسپتال منتقل کیا گیا تو وہاں بھی بمباری کردی گئی ، اسرائیلی حملوں میں 23 سے زائد افراد شہید ہوگئے اور بیسیوں زخمی ہوئے ۔ منگل کی صبح اسرائیلی فوج نے غزہ شہر اور بیت حنون میں گھر وں پر حملے کئے جس کے نتیجے میں 5 افراد شہیدہوگئے ۔ گزشتہ سال اکتوبر سے جاری غزہ جنگ میں اب تک 43 ہزار 665 فلسطینی شہری اسرائیلی حملوں میں شہید ہوچکے ہیں جبکہ ایک لاکھ 3ہزار 76زخمی ہوئے ۔اسرائیل کی مشرقی بیروت کے پہاڑوں پر بے گھر افرادکو پناہ دینے والے گھر پر بمباری سے 5لبنانی شہید ہوگئے ،اسرائیلی طیاروں نے جنوبی بیروت میں بھی10باربمباری کی ۔اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں حماس کے ہاتھوں اپنے 4 فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کرلیا۔فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی جبالیہ کیمپ میں حماس سے لڑائی میں مارے گئے ، ان میں سٹاف سارجنٹ اور کاٹز، 20 سالہ معالیہ، 21 سال سٹاف سارجنٹ ناوی یائیراور21 سالہ سٹاف سارجنٹ گیری لالھر زولت، 20 سالہ سٹاف سارجنٹ اوفیر الیاہو شامل ہیں ۔اسرائیلی حکومت نے مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کرنے کا ارادہ ظاہر کردیا ۔ سخت گیر اسرائیلی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ تیاری کریں، اگلے سال مغربی کنارے کو اسرائیل میں مکمل طور پر ضم کیا جائے گا۔