غزہ :ایندھن کی کمی ،تمام ہسپتال24گھنٹے میں بند ہونیکا خدشہ

غزہ :ایندھن کی کمی ،تمام ہسپتال24گھنٹے میں بند ہونیکا خدشہ

غزہ ،بیروت (اے ایف پی،رائٹرز)حماس کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ غزہ کے تمام ہسپتالوں کو ایندھن کی کمی کی وجہ سے 24گھنٹوں کے اندرخدمات بند کرنا پڑیں گی ، انہوں نے اسرائیل کو غزہ میں ایندھن کا داخلہ روکنے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔

 گزشتہ روز غزہ پر اسرائیلی حملوں میں60سے زائد افراد شہید،سینکڑوں زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ، اسرائیلی فوج نے کہا کہ شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیا میں حماس کے پانچ کمانڈروں کو شہید کر دیا ۔ بدھ کو شام کے علاقے تدمر پر کئے گئے اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 92 ہو گئی۔جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ میں شدید جھڑپیں ، بمباری سے 62لبنانی شہید ،111زخمی ہو گئے ،اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی بیروت میں 11 منزلہ عمارت کو منہدم کر دیا،لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن پر راکٹ حملے میں چار اطالوی فوجی زخمی ہو گئے ،لبنانی وزارت صحت کا کہنا ہے اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 3ہزار645افراد شہید ،15ہزار 355زخمی ہو چکے ۔عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ 7 اکتوبر2023 کے بعد سے لبنان میں تقریباً 230 ہیلتھ ورکرز شہید ہو چکے ،وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین جان پیئر کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کی گرفتاری کے کسی وارنٹ پر عمل نہیں کرینگے ،فرانس نے کہا کہ وہ عالمی عدالت کی طرف سے اسرائیلی وزیر اعظم ، سابق وزیر دفاع اور حماس کے فوجی سربراہ محمد ضیف کیخلاف جاری کیے گئے وارنٹ گرفتاری پر عملدر آمدکرے گا۔ آئرلینڈ کے وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا ہے کہ نیتن یاہو اگر ہمارے ملک میں آئے تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر کے ترجمان نے کہا کہ نیتن یاہو اگر برطانیہ کا سفر کرتے ہیں تو انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں