یوکرین پر میزائل حملہ لاپرواہ مغرب کیلئے انتباہ تھا:روس
ماسکو(اے ایف پی)روس کا کہنا ہے کہ یوکرین پر ہائپرسونک میزائل حملہ لاپرواہ مغرب کے لیے انتباہ تھا۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ ہمیں اس میں کوئی شک نہیں کہ واشنگٹن نے روس کے یوکرین پر جوہری وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت والے میزائل کے حملے کے بعد صدر پیوٹن کا پیغام سمجھ لیا ہے ۔یوکرین نے کہا ہے کہ روسی فوجی یوکرین کے مرکز کوراخوف کے مشرقی علاقے ڈونیٹسک کے قریب روزانہ تقریباً 300میٹر پیش قدمی کر رہی ہیں۔جنوبی کوریا ، امریکا کے سرکاری حکام اور ایک تحقیقی گروپ نے الزام عائد کیا ہے کہ روس شمالی کوریا کو فوجیوں کے بدلے تیل اور اینٹی ایئر میزائل دے رہا ہے ۔شمالی کوریا نے یوکرین سے لڑنے میں روس کی مدد کے لیے 10ہزار سے زیادہ فوجی بھیجے ہیں۔جنوبی کوریا کے اعلیٰ سلامتی کے مشیر شن وون سک نے کہا پیانگ یانگ کے کمزور فضائی دفاعی نظام کو تقویت دینے کے لیے روس نے آلات اور طیارہ شکن میزائل شمالی کوریا کو فراہم کئے ہیں۔ نیٹو اور یوکرین منگل کو برسلز میں روس کی جانب سے تجرباتی ہائپر سونک انٹرمیڈیٹ رینج میزائل فائر کرنے کے معاملے پر بات چیت کرینگے ،کریملن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں کم ہوتی گھریلو افرادی قوت کی وجہ سے مزدوروں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے تارکین کی ضرورت ہے ۔روسی حملے کی دھمکی کے پیش نظر جمعہ کو یوکرین کی پارلیمنٹ نے اجلاس منسوخ کر دیا۔