جنگ بندی کے باوجود لبنان پر بمباری،غزہ میں 40شہید
بیروت ،غزہ (اے ایف پی، رائٹرز)جنگ بندی کے باوجود لبنان پراسرائیلی بمباری جاری ہے ،گزشتہ روز صیہونی فضائیہ نے جنوبی لبنان میں کئی مقامات پر حملے کئے ۔
آئی ڈی ایف کا کہنا تھا عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں کا پتہ لگانے کے بعد جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی ۔ حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے بعد لبنان کی دفاعی صلاحیت بڑھانے میں فوج کی مدد کرینگے ۔حزب اللہ دشمن کو لبنان کی کمزوری کا فائدہ اٹھانے سے روکنے کیلئے ہمیشہ تیار رہے گی۔انہوں نے کہا اسرائیل کیساتھ حالیہ جنگ میں 2006 سے بڑی کامیابی حاصل کی ۔نعیم قاسم نے کہا ہم جنگ جیت گئے کیونکہ ہم نے دشمن کو حزب اللہ کو تباہ کرنے سے روکا ہے ۔مقبوضہ مغربی کنارے میں جمعہ کے روز ایک اسرائیلی بستی کے قریب بس پر فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد زخمی ہو گئے ۔دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹے میں غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں کم ازکم 40افراد شہید، 70سے زائد زخمی ہو گئے ۔
بیت لاہیا پر حملے میں 15افراد شہید ہوئے ،علاوہ ازیں غزہ میں ایک بیکری کے باہر بھگدڑ سے 2بچے اور ایک خاتون جاں بحق ہو گئی ۔ ادھراقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ میں قحط کا خطرہ بڑھ رہا ہے ۔وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک کم ازکم 44ہزار363فلسطینی شہید ،1لاکھ 5ہزار 70زخمی ہو چکے ہیں ۔