امریکا:پاکستانی وفد کی عافیہ سے ملاقات، رہائی کے امکانات
واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستانی وفد نے امریکی جیل میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے تقریباً تین گھنٹے تک ملاقات کی۔
سینیٹر بشریٰ انجم بٹ، سینیٹر طلحہ محمود اور ماہرِ نفسیات ڈاکٹر اقبال آفریدی نے امریکاکے شہر فورتھ ورتھ ٹیکساس میں واقع جیل میں پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے ممکنہ قانونی اور سفارتی کوششوں کا جائزہ لینا تھا اور امریکی حکام سے اس پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ وفد نے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی حکام سے ملاقاتیں کیں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے صدر جو بائیڈن سے معافی کی درخواست کی۔ سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے ایک خط امریکی صدربائیڈن کو بھیجا گیا تھا، جس میں ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی اپیل کی گئی تھی۔ اس خط کو امریکی کانگریس کے اراکین، سینیٹرز اور سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے حکام تک پہنچایا گیا۔وفد نے امریکی حکام سے ملاقاتوں کے دوران اس بات پر زور دیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی انسانی ہمدردی کے تحت ممکن بنائی جا سکتی ہے اور امریکی کانگریس کے بعض اراکین نے اس معاملے میں حمایت کا وعدہ کیا تاہم کچھ اراکین نے اس درخواست کو مسترد بھی کیا۔ سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں امریکی صدر نے متعدد قیدیوں کی سزا معاف کی ہے اور یہ ممکن ہے کہ 20 جنوری سے قبل ڈاکٹر عافیہ کی رہائی بھی اسی سلسلے کا حصہ بن جائے ۔ امریکی حکام سے ملاقاتوں میں اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے اور اس کی کامیابی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔وفد کے رکن ماہر نفسیات ڈاکٹر اقبال آفریدی نے امید ظاہر کی کہ امریکی حکومت جلد ہی ڈاکٹر عافیہ کو ریلیف دے گی۔