دمشق :ادویہ کے گودام سے 20افراد کی لاشیں ،باقیات برآمد

دمشق :ادویہ کے گودام سے 20افراد کی لاشیں ،باقیات برآمد

دمشق (اے ایف پی)دمشق کے نواحی علاقے میں ایک دوائی کے گودام میں نامعلوم لاشیں اور باقیات دریافت ہوئی ہیں ،یہ گودام سیدہ زینب کے مزار سے صرف 50 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے ۔۔

جنوبی دمشق کا یہ علاقہ ایران نواز جنگجوؤں کا گڑھ تھا ۔ریسکیوورکرز کاکہناتھاکہ گودام کے کولڈ سٹوریج میں گلی سڑی لاشیں پڑی تھیں اورہڈیاں بکھری ہوئی تھی ، ایسا لگتا ہے کہ انہیں ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصہ پہلے قتل کیاگیا،یہ لاشیں اور باقیات 20افرادکی ہیں ۔دوسری جانب اقوام متحدہ کا کہناہے کہ شام کا تنازع سابق صدر بشار الاسد کے اقتدار چھوڑنے کے بعد بھی ختم نہیں ہوا۔شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گیئر پیڈرسن نے خبردارکیاہے کہ شمال میں ترک حمایت یافتہ اور کرد گروپوں کے درمیان جھڑپوں کا خدشہ ہے ،انہوں نے سلامتی کونسل میں اسرائیل سے مقبوضہ شامی گولان میں آبادکاری کی تمام سرگرمیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا ۔شام کی بدنام زمانہ سیدنایا جیل کے دورہ پر اقوام متحدہ کے وفد کو نوجوان لڑکی نے بھاگنے پر مجبور کردیا۔اقوام متحدہ کے نمائندے گیئر پیڈرسن نے گزشتہ دنوں دمشق میں سیدنایا جیل کا دورہ کیا تھاجہاں اپنے گمشدہ بھائی اور دو کزنوں کو تلاش کرنے والی لڑکی نے گیئر پیڈرسن کے سامنے اپنے دل کی بھڑاس نکال دی۔لڑکی نے گیئر پیڈرسن کو جوتا مارنے کی کوشش بھی کی اور اسکی گاڑی کے سامنے جوتا لہرایا۔لڑکی نے سوال کیا کہ ’’تم 13 سال سے کہاں تھے جب ظلم ہورہا تھا؟ اب کیا کام ہے یہاں تمہارا؟، سب کے مارے جانے کے بعد آئے ہو؟، اب یہاں کیا ڈھونڈنے آئے ہو، فوراً اس جگہ سے نکل جاؤ!‘‘۔ لڑکی کے چلانے پر گیئر پیڈرسن خاموش رہے اور اقوام متحدہ کی گاڑی میں بیٹھ کر وہا ں سے روانہ ہوگئے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں