اتوار تک مذاکرات ورنہ سول نافرمانی :بانی پی ٹی آئی

اتوار تک مذاکرات ورنہ سول نافرمانی :بانی پی ٹی آئی

راولپنڈی (خبر نگار )بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے دو مطالبات نومئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن اور سیاسی کارکنوں کی رہائی پر پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں اتوار کو سول نافرمانی کی مرحلہ وار تحریک میں اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر نہ بھیجنے کی کال دیدی ہے ۔

 خدشہ ہے کہ پیر کو بانی پی ٹی آئی کو سزا سنا دی جائے گی ۔ اڈیالہ جیل میں سماعت کے بعد باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ جو بھی قانون ہے اور میرے خلاف مقدمات ہیں ان کا سامنا کروں گا ۔میں نے کبھی بھی اپنے لوگوں کو نہیں اکسایا۔ہمیشہ لوگوں کو تاکید کی کہ آئین اور قانون کے مطابق چلیں۔احتجاج پر بھی لوگوں کو کہا کہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا۔26 نومبر کو لوگوں پر سنائپرز رائفل سے فائر کیے گئے ۔لوگ لا پتا ہیں کسی کو نہیں پتہ ان کے ساتھ کیا ہوا لوگ ان کو ڈھونڈ رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کیا کوئی اپنے حق کے لیے نکلے گا تو اس پر گولی چلائی جائے گی کسی کی جان نہ جائے اس لیے انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو کال دی ۔ بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی اور 26 جون کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیا ہے ۔بانی پی ٹی آئی کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ ہمارے غیر قانونی طور پر گرفتار کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے ۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے حالات سے بہتر واقف ہیں،اب وہ انکو کال دیں گے ۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر اتوار تک مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو اوورسیز پاکستانیوں کو کہوں گا کہ وہ اپنی ترسیلات زر پاکستان نہ بھیجیں تاکہ حکومت کو پتہ چلے کہ جن پاکستانیوں کے ساتھ آپ ظلم کر رہے ہیں وہ بھی اپنا حق استعمال کریں ۔پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کے پیسے پر کھڑا ہے ۔پاکستان بینکوں سے لیے گئے قرض پر نہیں چل رہا ہمارے اپنے لوگوں کی محنت سے چل رہا ہے ۔

اگرآ پ پاکستان کو لوٹ کے لے جائیں تو آپ دوبارہ وزیراعظم بنیں گے ۔اگر آپ پاکستان کے بچوں کے مستقبل کے لیے کام کریں گے تو آپ جیل جائیں گے ۔تحریک انصاف نے ملک میں سیاسی استحکام اور ترقی کے لیے مذاکرات کو ضروری قرار دیتے ہوئے 9 مئی 2023 اور 26 نومبر 2024 کے پر تشدد واقعات پرفوری جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور علی محمد خان سمیت دیگر سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی ملک میں سیاسی استحکام اور ملکی ترقی کے لیے بات چیت کے لیے تیار ہے ، ملکی ترقی کے لیے مذاکرات سے ہی مسائل کا حل نکلے گا، بانی تحریک انصاف چاہتے ہیں کہ ملک آگے چلے اور ترقی کرے ۔اعلامیے کے مطابق پارلیمانی پارٹی اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کے ایم این ایز اور ایم پی ایز پر دباؤ ڈالنا بند کیا جائے ، اس دوران اراکین پر دباؤ اور چھاپوں کا سلسلہ جاری رہنے پر ایوان میں بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے صحافیوں کو بتایا کہ مذاکرات کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہمارے مطالبات تسلیم کرے تو مذاکرات بہتر سمت سے آگے بڑھ سکیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں