مغربی کنارہ:یہودی آباد کاروں کا مسجد پر دھاوا،ایک حصہ نذر آتش ،نفرت انگیز نعرے
غزہ (اے ایف پی،رائٹرز)یہودی آباد کاروں نے مغربی کنارے میں مسجد کو آگ لگا دی،اسرائیلی آباد کاروں نے مسجد کی دیواروں پر بدلہ اور عربوں کی موت جیسے نفرت انگیز نعرے عبرانی میں لکھے ۔۔۔
فلسطینی حکام کے مطابق مغربی کنارے کے گاؤں سلفیت میں یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی فوج کے حصار میں مسجد ’’الولیدین‘‘ پر حملہ کیا۔سلفیت کے گورنر نے تصدیق کی کہ یہ مکروہ کام یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی فوج کی مدد سے کیا اور ان کے حصار میں ہی واپس چلے گئے ۔گاؤں کے ایک رہائشی نے بتایا کہ اپنی مدد آپ کے تحت آگ کو بجھایا تاہم اس کوشش کے دوران مسجد کا ایک حصہ نذرآتش ہو گیا۔فلسطین کی وزارت خارجہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے نسل پرستی کی ایک صریح کارروائی قرار دیا۔ادھر اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ واقعے کا علم ہے ، تحقیقات جاری ہیں۔ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کی تازہ رپورٹ کے مطابق غزہ میں ہسپتال کھنڈرات میں تبدیل ہو گئے ، فلسطینی سر زمین پر اسرائیلی افواج کی طرف سے نسل کشی کے واضح آثار ہیں۔رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ عالمی برادری اور اسرائیل کے حامی ممالک غزہ میں نسل کشی کو روکنے کی ذمے داری پوری کریں۔دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ کے کئی علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں 77افراد شہید،150سے زائد زخمی ہو گئے ۔وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک کم ازکم 45ہزار 206فلسطینی شہید،1لاکھ7ہزار 512زخمی ہو چکے ۔