حوثیوں کے اسلحہ ڈپو پر امریکی بمباری ، غزہ پر اسرائیلی حملے ، مزید 51 شہید

حوثیوں کے  اسلحہ  ڈپو  پر امریکی  بمباری  ، غزہ  پر  اسرائیلی  حملے  ، مزید  51 شہید

غزہ،دوحہ (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) یو ایس سنٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ امریکی جنگی طیاروں نے حوثیوں کے اسلحہ ڈپو پر بمباری کی ہے ، امریکی فوج نے کہا کہ امریکی جنگی اور تجارتی جہازوں پر حملہ کرنے کیلئے استعمال ہونے والے۔۔

 ہتھیاروں کے ذخیرہ  

کرنے کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ بیان میں کہا گیا تجارتی جہازوں کو دھمکیاں دینے پر کارروائی کی ۔حوثیوں کے المسیرہ ٹی وی نے کہا کہ امریکی جہازوں نے صوبہ امران اور صنعا پر بمباری کی۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ غزہ میں ایک اور یرغمالی بدو عرب یوسف الزیادنا کی لاش برآمد کی ہے ،پیچیدہ اور مشکل آپریشن کے بعد لاش کو اسرائیل واپس لایا گیا ہے ۔ اس سے قبل وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اعلان کیا تھا کہ زیادنا کے بیٹے حمزہ کی باقیات بھی اسرائیل لائی گئی تھیں۔یاد رہے عرب بدو باپ اور بیٹے کو 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے دوران غزہ کی سرحد کے قریب کبوتز ہولیت سے حماس نے پکڑ لیا تھا۔ ان کے ساتھ حمزہ کی بہن اور بھائی بھی تھے جنہیں نومبر 2023 میں ایک ہفتہ کی جنگ بندی کے دوران رہا کیا گیا ۔ بدھ کے روز شمالی غزہ میں لڑائی کے دوران تین اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے ، جس سے غزہ میں ہلاک صیہونی اہلکاروں کی تعداد 399 ہو گئی۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پیرس میں میڈیا کو بتایا کہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کے معاہدے کے بہت قریب ہے ، لیکن اقتدار ٹرمپ کے حوالے کرنے سے پہلے ایسا نہیں ہو سکتا۔دوسری جانب غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 51افراد شہید 110سے زائد زخمی ہو گئے ۔ غزہ کی شہری دفاع کی ایجنسی نے کہا کہ بدھ کے روزغزہ شہر کے زیتون محلے میں برغوط خاندان کے گھر پر فضائی حملے میں پانچ افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ۔ وسطی شہر دیر البلاح میں البنا خاندان کے گھر پر بمباری میں تین افراد مارے گئے ۔ البریج پناہ گزین کیمپ میں ویشہ خاندان کے گھر پر حملے میں ایک بچہ شہید ہوا۔گھروں پر حملے کے بعد کئی افراد ملبے تلے دب گئے ۔رفح میں امدادی کارکنوں نے تین افراد کی لاشیں برآمد کی ہیں۔ایک فلسطینی اہلکار نے کہا کہ بدھ کے روز مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی فضائی حملے میں دو بچوں سمیت تین افراد شہید ہو گئے ۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر2023سے جاری اسرائیلی جنگ میں اب تک کم ازکم 45ہزار 935فلسطینی شہید ،1لاکھ 9ہزار 274زخمی ہو چکے ۔انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز نے کہا کہ شدید بارش اور سیلاب نے غزہ میں عارضی پناہ گاہوں کو تباہ کر دیا ، ہزاروں افراد کے تباہ شدہ خیموں کے اندر ایک فٹ تک پانی کھڑا ہے ۔ ریڈ کراس نے غزہ تک محفوظ اور بلا روک ٹوک رسائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ جنگ زدہ فلسطینی علاقے میں بھوک سے متاثرہ افراد اور کمسن بچوں کو بچایا جا سکے ۔ قطر نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی مذاکرات کے لئے تکنیکی نوعیت کے اجلاس جاری ہیں جس میں دونوں فریق اپنا اپنا نکتہ نظر پیش کر رہے ۔قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا کہ ان اجلاسوں میں دونوں طرف کے مقابلتاََ جونیئر حکام حصہ لے رہے ہیں تاکہ معاہدے کی تفصیلات و جزئیات طے کی جا سکیں۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں