بھارتی فورسز کی سرینگر سنٹرل جیل میں قرآن پاک کی بے حرمتی
سرینگر (آئی این پی ) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے سری نگر سنٹرل جیل میں چھاپہ مار کارروائی کی آڑ میں قرآن مجید کی بے حرمتی کی ناپاک جسارت کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قرآن مجید کی بے حرمتی سے قیدیوں اور عوام میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ قرآن پاک کو بھارتی فورسز نے جان بوجھ کر بیرکوں میں پھینکا۔سری نگر جیل کے قیدیوں نے بھارتی فورسز کی ناپاک جسارت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ قابض فورسز کا یہ عمل اشتعال انگیز اور توہین آمیز ہے ۔کشمیری رہنماوں نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے ذمہ دار چھاپہ مار پارٹی کے ارکان کو گرفتار کرکے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔مذہبی رہنماؤں کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی سے قیدیوں سمیت تمام مسلمانوں کے دل غم زدہ ہیں اور انھیں روحانی اور جذباتی طور پر گہرا صدمہ پہنچا ۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی قرآن کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیری شناخت اور مذہبی عقائد کے خلاف بھارتی قابض حکومت کی جانب سے انسانی اور مذہبی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔