غزہ جنگ بندی معاہدہ ،اسرائیلی سکیورٹی کابینہ نے توثیق کردی

غزہ جنگ بندی معاہدہ ،اسرائیلی سکیورٹی کابینہ نے توثیق کردی

یروشلم ،غزہ (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ نے غزہ جنگ بندی معاہدے کی توثیق کردی جبکہ دوسری طرف جنگ بندی کی خوشیاں منانے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 110 ہوگئی۔

عالمی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سکیورٹی کابینہ نے حکومت کو جنگ بندی معاہدہ قبول کرنے کی سفارش کردی ہے ،جنگ بندی معاہدے کی حکومتی منظوری کیلئے مکمل کابینہ کا اجلاس آج طلب کیا جائے گا۔اگر مکمل کابینہ سے بھی منظوری مل جاتی ہے تو اتوار کے روز پہلا اسرائیلی یرغمالی حماس کی قید سے رہا ہوجائے گا۔بدھ کے روز قطری وزیر اعظم نے اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ جنگ بندی معاہدہ طے پانے کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے کا آغاز 19 جنوری سے ہوگا ۔ عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کا اعلان ہوتے ہی گزشتہ دنوں فلسطینی عوام نے جشن منایا مگر اس دوران بھی غزہ پر اسرائیلی حملے نہیں رکے اوراس دوران اسرائیلی حملوں میں 28 بچوں سمیت اب تک 110 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور 246 زخمی ہوئے ۔ وائٹ ہاؤس واشنگٹن میں قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ امریکا کو غزہ معاہدے کے حوالے سے حالیہ رکاوٹوں کا علم ہے ،ان تمام رکاوٹوں کو ختم کر دیا جائے گا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے میں 33 اسرائیلی یرغمالیوں اور2 ہزار فلسطینی قیدیوں کی رہائی شامل ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں