روس ، یوکرین بحیرہ اسود میں محفوظ بحری آمد و رفت پر متفق

واشنگٹن(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرین نے بحیرہ اسود میں محفوظ بحری آمدو رفت یقینی بنانے پر اتفاق کر لیا ہے ۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکی وفد نے گزشتہ روز سعودی عرب میں روسی اور یوکرینی وفود سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔وائٹ ہاؤس کے مطابق روس اور یوکرین نے ایک دوسرے کی توانائی تنصیبات پر حملے نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے ،یوکرین نے جنگی قیدیوں کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا ہے ۔وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکا، روس اور یوکرین پائیدار اور دیرپا امن کیلئے کام جاری رکھیں گے جبکہ امریکا بات چیت کے لیے سہولت کاری جاری رکھے گا۔امریکا زرعی اور کھاد برآمدات کے لیے روس کی عالمی منڈیوں تک رسائی بحال کرانے میں مدد کرے گا۔ادھر منگل کو سعودی عرب میں کیف اور ماسکو کے ساتھ واشنگٹن کی بات چیت سے جنگ بندی کا کوئی معاہدہ سامنے نہیں آیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ روس پر حملے ختم کرنے پر زور دے رہے ہیں ۔انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ سعودی عرب میں ہونے والے مذاکرات کا تازہ دور جنگ بندی کی راہ ہموار کرے گا تاہم ایسا نہ ہو سکا ۔