خراب موسم ،ہچکولے کھاتی بھارتی پرواز مسافروں میں خوف ،لاہور سے رابطہ

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)21مئی کی شام نئی دہلی سے سرینگر جانے والی پرواز میں220 سے زیادہ مسافر تھے۔انڈین ایئرلائن انڈیگو کی یہ پرواز سفر کے دوران شدید جھٹکوں اور ٹربیولنس کا شکار ہوئی اور اس کا اگلا حصہ بھی ٹوٹ گیا۔۔۔
جبکہ تمام مسافر محفوظ رہے ۔ طیارے کو ریاست پنجاب کی فضا میں شدید اولوں کے طوفان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز سے ظاہر ہوتا ہے کہ فضائی جھٹکوں نے مسافروں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا اور وہ شدت سے حفاظت کی دعائیں مانگتے دکھائی دئیے ۔مسافر سمیع اللہ جو ایک لاجسٹکس سٹارٹ اپ کے شریک بانی ہیں، انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ سفر کرتا رہتا ہوں لیکن میں نے کبھی ایسا فضائی جھٹکا محسوس نہیں کیا۔ یہ خوفناک تھا۔ میں پائلٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمیں بحفاظت اتارا۔جہاز کے عملے کے ارکان کا حوالہ دیتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے کہا کہ عملے نے موسم کی خرابی کی وجہ سے ناردرن کنٹرول (انڈین ایئر فورس)سے بین الاقوامی سرحد کی طرف بائیں جانب جانے کی اجازت مانگی لیکن اسے منظوری نہیں ملی۔بعد میں عملے نے لاہور (ایئر ٹریفک کنٹرول)سے موسمی خرابی سے بچنے کے لیے فضائی حدود میں داخلے کی اجازت مانگی اسے مسترد کر دیا گیا۔بی بی سی اردو نے اس بیان کے حوالے سے پاکستان میں سول ایوی ایشن کے حکام سے رابطہ کیا ہے مگر تاحال ان کی طرف سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔یاد رہے کہ رواں ماہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے باعث دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کی ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود کو بند کر دیا تھا۔