دھاندلی:سابق چیف الیکشن کمشنر بنگلہ دیش کے گھر دھاوا،پٹائی

ڈھاکہ(اے ایف پی)بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ دور کے سابق چیف الیکشن کمشنر کے ایم نورالہدیٰ کو دھاندلی کے الزام میں ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پولیس نے سابق چیف کو حفاظت کیلئے عدالت لے جاتے وقت ہیلمٹ پہنایا ہوا تھا ۔ ملک کی بڑی سیاسی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے 77سالہ سابق چیف الیکشن کمشنرکے ایم نورالہدیٰ کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا ۔جس میں شیخ حسینہ کے حق میں گزشتہ انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگایا گیا تھا۔قبل ازیں عدالت نے سابق چیف الیکشن کمشنر کو چار دن کیلئے حراست میں رکھنے کا حکم دیا تھا ، ان سے پوچھ گچھ جاری تھی، مقدمہ درج ہونے کے چند گھنٹے بعد ایک ہجوم نے دارالحکومت ڈھاکہ میں نورالہدیٰ کے گھر پر دھاوا بول دیا اور اسے گھسیٹ کر سڑک پر لے گئے ۔ انہوں نے سابق چیف الیکشن کمشنر کے گلے میں جوتوں کے ہار ڈالے ،پولیس کے حوالے کرنے سے پہلے اس کی پٹائی کی۔ عبوری حکومت نے اس واقعے کی مذمت کی اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی ملزم پر جھپٹنا اور اس پر جسمانی حملہ کرنا غیر قانونی، قانون کی حکمرانی کے منافی اور ایک مجرمانہ فعل ہے ۔