ایران کو ایٹمی ہتھیاربنانے کی اجازت نہیں دینی چاہئے :نیٹو

برسلز(اے ایف پی)نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے زور دیا ہے کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے ۔
مارک روٹے نے دی ہیگ میں ہونے والے نیٹو سربراہی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک ایران کے جوہری پروگرام پر نیٹو کے موقف کا تعلق ہے ، اتحادیوں کا طویل عرصے سے اتفاق ہے کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار تیار کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے ۔انہوں نے اس خیال کو مسترد کر دیا کہ مشرق وسطیٰ کی جنگ نیٹو کے 32 رکن ممالک کے آج سے شروع ہونے والے اجلاس سے توجہ ہٹا دے گی۔مارک روٹے نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ایران یوکرین کے خلاف روس کی جنگ میں گہرائی سے ملوث ہے اور ایرانی ڈرون یوکرین میں شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر قتل کرنے کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔