ٹرمپ کا 8اورملکوں کو خط ،برازیل پر 50فیصدٹیرف نافذ
واشنگٹن (اے ایف پی،رائٹرز)امریکا کے صدر ڈونلڈٹرمپ نے برازیل پر 50فیصدجبکہ فلپائن ،برونائی ،الجزائر ،لیبیا،سری لنکا ،عراق اور۔۔
مالدوا پر20سے 30فیصد ٹیرف نافذکرنے کا اعلان کردیا ،انہوں نے گزشتہ روز ان 8ممالک کو خط لکھے اور انہیں سوشل میڈیاپر شیئر کردیا۔امریکی صدر نے یکم اگست سے برازیلی اشیا پر 50 فیصد امریکی ٹیرف لگانے کااعلان کیا جبکہ الجزائر، عراق، لیبیا اور سری لنکا پر 30 فیصد، برونائی اور مالدوا پر 25 فیصد اور فلپائن پر 20 فیصد ٹیرف نافذ ہوگا۔ٹرمپ کا اپنے بیان میں کہناتھاکہ تانبے اور دواسازی پر بھی محصولات نافذ کریں گے ۔ان 8ممالک کو شامل کرکے ٹرمپ رواں ہفتے 21ممالک کو ٹیرف کے نفا ذ کیلئے خط لکھ چکے ہیں ۔قبل ازیں بحر اوقیانوس کے ساتھ واقع 5افریقی ممالک سینی گال ،لائبیریا ،گنی بساؤ ،موریطانیہ اور گیبون کے صدورنے گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی ،فریقین میں ٹیرف اور معدنی دھاتوں کے معاملے پر بات چیت ہوئی ۔دوسری طرف امریکی سپریم کورٹ نے صدرٹرمپ کو وفاقی ملازمین کی بڑے پیمانے پر چھانٹیوں کی اجازت دیدی،جس سے ٹرمپ انتظامیہ کے پاس کئی اداروں سے بڑی تعداد میں ملازمین فارغ کرنے کا راستہ کُھل گیا ہے ۔صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے 23 لاکھ وفاقی نوکریاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ ٹرمپ انتظامیہ نے ہارورڈ سے فلسطین کے حامی طلبہ کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے ، جنہیں یہودی مخالف قرار دیا گیاتھا۔