یوکرین جنگ نہ روکی تو 100فیصد ٹیرف :ٹرمپ کی روس کو دھمکی
و اشنگٹن ، کیف(اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ نے روس کو خبردار کیا ہے کہ اگر 50 دن کے اندر یوکرین جنگ ختم نہ کی گئی تو ماسکو کو انتہائی سخت اقتصادی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے نیٹو کے ذریعے یوکرین کو نئے امریکی ہتھیاروں کی ترسیل کا بھی اعلان کیا۔ ٹرمپ نے روسی صدر پیوٹن پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا اگر 50 دن میں معاہدہ نہ ہوا تو ہم بہت سخت ٹیرف لگائیں گے ۔ یہ ٹیرف تقریباً 100 فیصد ہوں گے ۔ٹرمپ نے کہا روس کے تجارتی اتحادیوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ امریکی صدر کے خصوصی ایلچی کی کیف آمد کے ساتھ ہی ٹرمپ نے یوکرین کو پیٹریاٹ دفاعی نظام فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ امریکی میڈیا کے مطابق یوکرین کو پیٹریاٹ دفاعی نظام کی فراہمی صدر کا یوٹرن ہے ۔ انہوں نے نیٹو سیکرٹری جنرل مارک روٹے کے ہمراہ اعلان کیا کہ نیٹو امریکی ساختہ ہتھیار، بشمول پیٹریاٹ میزائل سسٹم، خریدے گا اور انہیں یوکرین بھیجے گا۔روٹے نے کہا کہ یہ معاہدہ یوکرین کو ہتھیاروں کی بڑی مقدار فراہم کرے گا جبکہ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ان کی اس دیرینہ شکایت کو حل کرے گا کہ امریکا یوکرین کو مدد دینے میں تنہا سب سے زیادہ حصہ ڈال رہا ہے ۔دوسری طرف یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کایا کالاس نے ٹرمپ کے الٹی میٹم کو مثبت قرار دیا، انہوں کہا کہ50 دن بہت طویل وقت ہے ، خاص طور پر جب ہر دن معصوم شہری مارے جا رہے ہوں۔دوسری جانب یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ انہوں نے اقتصادی امور کی وزیر یولیا سویرڈینکو کو وزیراعظم بنانے کی سفارش کی ہے ، اگر یہ سفارش منظور ہو جاتی ہے تو وہ ڈینس شمگال کی جگہ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالیں گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 39 سالہ سویرڈینکو نے رواں سال امریکا کے ساتھ معدنیات کے معاہدے پر کشیدہ مذاکرات کے دوران شہرت حاصل کی،ان کی تقرری کو پارلیمنٹ سے منظوری کی ضرورت ہوگی،ان کے خلاف ووٹ دینے کا امکان کم ہے ۔