یوکرین جنگ نہ روکی تو روس کو سنگین نتائج بھگتنا ہونگے :ٹرمپ
واشنگٹن(اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر روس نے یوکرین میں جنگ بند ی نہ کی تو پھر اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔۔
۔واشنگٹن ڈی سی میں صحافیوں کے یوکرین اور روس سے متعلق سوالات پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر روسی صدر جمعہ کو ملاقات کے بعد جنگ ختم کرنے پر راضی نہیں ہوئے تو اس کے انتہائی سنگین نتائج ہوں گے ۔صدر ٹرمپ نے کہا پیوٹن اور زیلنسکی کے ساتھ دوسری ملاقات کا امکان بھی موجود ہے جو جمعہ کی ملاقات سے بھی زیادہ ثمرآور ثابت ہو گی۔انہوں نے کہا جمعہ کو ہونے والی پہلی ملاقات میں وہ یہ پتا چلانے کی کوشش کریں گے کہ ہم اب کہاں کھڑے ہیں اور ہم کیا کر رہے ہیں۔واضح رہے جمعہ کو صدر ٹرمپ اپنے روسی ہم منصب پیوٹن سے امریکی ریاست الاسکا میں ملاقات کریں گے ۔دوسری جانب روسی فوج نے یوکرین میں بڑی پیش قدمی کرتے ہوئے 110 مربع کلومیٹر رقبے پر قبضہ کر لیا۔امریکی تھنک ٹینک انسٹیٹیوٹ فار دی سٹڈی آف وار کے مطابق یہ گزشتہ ایک سال کے دوران روسی فوج کی سب سے بڑی پیش قدمی ہے ۔