گریٹر اسرائیل کیلئے تاریخی و روحانی مشن پر ہوں:نیتن یاہو

گریٹر اسرائیل کیلئے تاریخی و روحانی مشن پر ہوں:نیتن یاہو

غزہ (اے ایف پی،رائٹرز،مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ گریٹر اسرائیل کے نظریے میں بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔۔۔

 اور اس حوالے سے وہ ایک تاریخی اور روحانی مشن پر ہیں۔انہوں نے یہ بات اسرائیلی میڈیا کو دئیے گئے ایک انٹریو کے دوران کہی۔نیتن یاہو سے اینکر نے سوال کیاکہ کیا وہ گریٹر اسرائیل کے تصور سے خود کو جڑا ہوا محسوس کرتے ہیں تو نیتن یاہو نے جواب دیا کہ بہت زیادہ۔دوسری جانب عرب ممالک نے نیتن یاہو کے گریٹر اسرائیل سے متعلق بیان کو مسترد کردیا۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب اسرائیلی توسیع پسندانہ منصوبوں کو یکسر مسترد کرتا ہے ۔اردن نے نیتن یاہو کا بیان علاقے کی خودمختاری کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے ۔مصر نے اسرائیل سے نیتن یاہو کے بیان پر وضاحت طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔عرب لیگ نے کہایہ بیان جارحانہ عزائم کی عکاسی ہے جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔غزہ کے سول ڈیفنس حکام کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں جمعرات کو 37 افراد شہید ہو گئے ،گزشتہ 24 گھنٹوں میں چار لوگ بھوک اور غذائی بحران کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئے ، بھوک سے اموات کی تعداد 239 ہو گئی، جن میں 106 بچے بھی شامل ہیں۔اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموترچ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں3ہزار4سوگھروں کی تعمیر کی حمایت کرتے ہوئے وزیر اعظم نیتن یاہو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مغربی کنارے (یہودیہ و سامریہ) کا اسرائیل سے الحاق کریں۔یہ تعمیرات مشرقی یروشلم کے قریب متنازع علاقے ای ون میں کی جائے گی، جسے عالمی برادری فلسطینی ریاست کے قیام میں بڑی رکاوٹ سمجھتی ہے ۔ ادھر جمعرات کو یونان میں اسرائیلی کروز شپ ’کراؤن آئرس‘کے خلاف فلسطین نواز مظاہرے ہوئے ،فلسطینی حمایتیوں کا کہنا ہے کہ سیاحت کی آڑ میں یہ کشتی اسرائیلی فوجیوں کو لے جا رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں