امداد کی راہ میں رکاوٹیں ختم کریں:غزہ کا نظم ونسق فلسطینیوں کے ہاتھ میں دیا جائے، استنبول اجلاس

امداد کی راہ میں رکاوٹیں ختم کریں:غزہ کا نظم ونسق فلسطینیوں کے ہاتھ میں دیا جائے، استنبول اجلاس

فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور نمائندگی کو تسلیم کیے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں ،اسرائیل جنگ بندی کی مکمل پاسداری کرے امن کی نگرانی کیلئے غیر جانبدار فورس بنائی جائے ،پاکستان، ترکیہ، سعودیہ، قطر، امارات، اردن، انڈونیشیا ئی وزرائے خارجہ کا مشترکہ اعلامیہ

استنبول(دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں)غزہ کی صورتحال پر استنبول میں ترکیے ، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، اردن، پاکستان اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔مشترکہ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ غزہ کا نظم و نسق فلسطینیوں کے ہاتھ میں دیا جائے ۔اسرائیل فوری طور پر جنگ بندی کی مکمل پاسداری کرے ، انسانی امداد کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں ختم کی جائیں۔ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کم از کم 600 امدادی ٹرک اور 50 ایندھن بردار گاڑیاں غزہ میں بلاتعطل داخل کی جائیں۔ فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور قومی نمائندگی کو تسلیم کیے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، غزہ کا سیاسی اور انتظامی نظام بیرونی قوت کے بجائے مقامی فلسطینی اتھارٹی کے پاس ہونا چاہیے ۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا غزہ میں ایک غیر جانبدار فورس تشکیل دی جائے جو امن کی نگرانی کرے اور انسانی امداد کے تحفظ کو یقینی بنائے ۔اعلامیے میں کہا گیا اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی کے بعد بھی حملے جاری ہیں، جنگ بندی کے بعد اسرائیلی حملوں میں اب تک تقریباً 250 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ ہیکان فیدان کا کہنا تھا غزہ میں بین الاقوامی فورسز کی تعیناتی کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مینڈیٹ پر کام کر رہے ہیں اور فریم ورک مکمل ہونے کے بعد ہی افواج کی تعیناتی پر فیصلہ کیا جائے گا۔ قبل ازیں اسحاق ڈارنے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہیکان فیدان سے ملاقات کی ، دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ بھائی چارے پر مبنی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور متنوع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے غزہ پیس ایگریمنٹ کے مکمل نفاذ خاص طور پر جنگ بندی کے احترام، اسرائیل کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے فوری انخلا اور فلسطینیوں کو بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ کی تعمیرنو پر زور دیا۔دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کی استنبول آمد پر انہیں ترک وزارت خارجہ کے پروٹوکول ڈی جی احمد جمیل میروغلو سمیت پاکستانی سفارت کاروں نے خوش آمدید کہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں