سڈنی :حملہ آور کو قابو کرنیوالے احمد کیلئے 10لاکھ ڈالر عطیات
امریکی تاجر کا ایک لاکھ ڈالر عطیہ،احمد حقیقی زندگی کے ہیرو ہیں:آسٹریلوی حکام شامی نژاد احمد کی دنیا بھر میں پذیرائی ، والدین کا بیٹے کے کارنامے پر فخر کا اظہار
واشنگٹن،سڈنی (نیوز ایجنسیاں )آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں حملہ آور پر قابو پانیوالے مسلم شخص کیلئے 10لاکھ ڈالر عطیات جمع ہو گئے ۔امریکی تاجر نے 43 سالہ احمد کو ایک لاکھ امریکی ڈالر کا عطیہ دیا ہے ۔ سکوائر کیپیٹل مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ولیم ایک مین نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں احمد کو ہیرو قرار دیا ۔ان کی مدد کے لیے چندہ جمع کرنے کی آن لائن مہم شروع کی گئی ہے ، جس میں اب تک تقریبا 10 لاکھ ڈالرز جمع ہو چکے ۔نیو ساؤ تھ ویلز کے پریمیئر کرس منز نے ہسپتال میں احمد ال احمد کی عیادت کرتے ہوئے کہا کہ احمد حقیقی زندگی کے ہیرو ہیں۔ان کا کہنا تھا گزشتہ رات اس ناقابلِ یقین بہادری نے بلاشبہ لاتعداد جانیں بچائیں، کیونکہ انہوں نے ایک دہشت گرد کو خود کو خطرے میں ڈال کر غیر مسلح کیا۔دوسری جانب سڈنی میں حملہ آور کو دبوچ کر بندوق چھیننے والے شامی ہیرو احمد کو آسٹریلیا سمیت دنیا بھر میں پذیرائی ملنے لگی ہے ۔ٹرمپ نے احمد کی تعریف کرتے ہوئے اسے بہادر شخص قرار دیا۔ٹرمپ نے کہا یہ شخص قابلِ احترام ہے ، اس بہادر شخص نے بہت سے لوگوں کی جان بچائی۔احمد کے والدین نے بھی بیٹے کے کارنامے پر فخر کا اظہار کیا ہے ۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق احمد کی پہلی سرجری کامیاب رہی ہے ۔حکام کے مطابق احمد کو بازو اور ہاتھ میں گولی لگنے سے زخم آئے تھے ۔