نوید اکرم مبلغ سے قاتل تک، کم عمری میں مذہبی رجحانات

نوید اکرم مبلغ سے قاتل تک، کم عمری میں مذہبی رجحانات

2019 مین ویڈیوز پوسٹ میں کہا آپ جہاں کہیں بھی ہیں اللہ کا پیغام پہنچائیں نوید مستری تھا ،ہائی سکول تک تعلیم ،نہیں سوچ سکتا وہ ایسا کریگا:سابق کلاس فیلو

سڈنی (دنیا مانیٹرنگ) سڈنی کے نوجوان حملہ آور نوید اکرم کم عمری ہی سے مذہبی رجحانات کا حامل تھا، اور اس حوالے سے اس کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق 2019 میں سڈنی کے اسلامک کمیونٹی گروپ ‘‘سٹریٹ دعوت موومنٹ’’ نے نوید اکرم کی ایسی ویڈیوز پوسٹ کی تھیں، جن میں وہ نوجوانوں کو بارش میں کھڑے ہو کر یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ آپ جہاں کہیں بھی ہیں، اللہ کا پیغام پہنچائیں، خواہ بارش ہو رہی ہو، ژالہ باری ہو یا آسمان صاف ہو۔ایک اور ویڈیو میں وہ دو لڑکوں سے کہتے ہیں کہ نماز باقاعدگی سے پڑھا کریں۔ یہ ویڈیوز اب ڈیلیٹ کر دی گئی ہیں۔

حکام اب اس امر کی تحقیق کر رہے ہیں کہ وہ کون سے عوامل تھے جن کی وجہ سے گزشتہ چھ برس میں وہ نوجوان، جو عدم تشدد کی تبلیغ کرنے والے کمیونٹی گروپ کے پمفلٹ تقسیم کرنے میں رضاکارانہ طور پر حصہ لیتا تھا، آسٹریلیا میں دہائیوں کے بدترین قتلِ عام میں شامل ہو گیا۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق نوید اکرم ایک بے روزگار مستری تھا۔ اس نے ہائی سکول تک تعلیم مکمل کی تھی۔ نوید اکرم کے ایک سابق کلاس فیلو اسٹیون لونگ نے ڈیلی میل کو بتایا کہ میں سو سال میں بھی یہ نہیں سوچ سکتا تھا کہ وہ ایسا کرے گا۔ وہ ایک اچھا انسان تھا۔ اس نے کبھی کوئی غیر معمولی حرکت نہیں کی۔ اس نے کبھی کلاس میں کسی کو ٹوکا تک نہیں تھا۔نوید اکرم کو عربی تجوید اور قرآن پڑھانے والے آدم اسماعیل نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ میں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے تشدد کے اس فعل کی مذمت کرتا ہوں۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں