901بلین ڈالرکا دفاعی بل ،ٹرمپ نے دستخط کردئیے

901بلین ڈالرکا دفاعی بل ،ٹرمپ نے دستخط کردئیے

فوجیوں کی تنخواہیں بڑھیں گی، یوکرین 80، اسرائیل کیلئے 60 کروڑ ڈالر مختص ٹرمپ کے حکم پر گرین کارڈ لاٹری معطل، یونیورسٹی کے حملہ آور کی لاش برآمد

واشنگٹن،نیویارک (اے ایف پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 901 بلین ڈالر کے دفاعی بل پر دستخط کر دئیے جو یورپ کیلئے مضبو ط حمایت کا اشارہ دیتا ہے اور امریکا کے اتحادیوں سے بڑھتے اختلافات کی نفی کرتاہے ، اس بل میں یوکرین کیلئے 80کروڑ اور اسرائیل کیلئے 60کروڑ ڈالر مختص کئے گئے ہیں ،یہ بل امریکی تاریخ کا سب سے بڑا فوجی اخراجات کا پیکیج ہے ۔ ایکٹ میں فوجیوں کی تنخواہوں میں تقریبا ً 4 فیصد اضافہ بھی تجویز کیا گیا ۔وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ یہ قانون سازی ان کے طاقت کے ذریعے امن کے ایجنڈے کو آگے بڑھائے گی ۔3ہزار86صفحات پر مشتمل بل کی کلیدی دفعات میں یوکرین کے لئے 800 ملین ڈالر اوراسرائیل کے لئے 600 ملین ڈالر مختص کئے گئے ہیں، جس میں آئرن ڈوم سسٹم جیسے مشترکہ میزائل دفاعی اقدامات کے لئے فنڈز بھی شامل ہیں۔بل میں چین سے لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کے اقدامات اور انڈو پیسیفک مشن کے لئے بھی فنڈز مختص کئے گئے ہیں جبکہ بل میں تائیوان سکیورٹی کوآپریشن انیشی ایٹو کے لئے ایک بلین ڈالر کا بجٹ بھی شامل ہے ۔

دوسری طرف صدرڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر امریکی انتظامیہ نے گرین کارڈ لاٹری پروگرام معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ ہوم لینڈ سکیورٹی سیکرٹری کرسٹی نوم نے کہا کہ یہ فیصلہ براؤن یونیورسٹی اور ایم آئی ٹی میں فائرنگ کے واقعات کے بعد کیا گیا ہے ۔ کرسٹی نوم نے بتایا کہ براؤن یونیورسٹی میں فائرنگ کرنے والا شخص 2017 میں گرین کارڈ لاٹری پروگرام کے ذریعے امریکا آیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ براؤن یونیورسٹی میں گزشتہ ہفتے ہونے والی فائرنگ کے واقعہ میں مطلوب حملہ آور پرتگالی نژاد شہری کلاڈیو نیوس ویلنٹ مردہ حالت میں ملا ہے جس کے بارے میں شبہ ہے کہ اس نے خودکشی کی ہے ۔امریکی حکام کاکہناہے کہ ملزم نے براؤن یونیورسٹی میں فائرنگ کے دودن بعد میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے پروفیسر کو بھی قتل کیا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں