غزہ:پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری ،6افراد شہید

غزہ:پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری ،6افراد شہید

شہدا میں 4ماہ کا بچہ، 14 سالہ لڑکی، 2مرد ، 2خواتین شامل،کئی زخمی

غزہ،واشنگٹن (اے ایف پی،دنیامانیٹرنگ) غزہ میں ایک سکول میں قائم پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 6فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ،شہدا میں 4ماہ کا بچہ، 14 سالہ لڑکی، دو مرد اور دو خواتین شامل ہیں ۔غزہ سول ڈیفنس کے ترجمان محمود باسل نے بتایا شہدا کی لاشیں سکول کے ملبے سے ملیں ،2 افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔مقامی باشندوں نے کہا کہ یہ خونریزی فوری طور پر بند ہونی چاہیے ۔ امریکا، قطر، مصر اور ترکیہ نے غزہ میں جنگ بندی پر عملدرآمد اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے ۔ امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے مطابق امریکا، قطر، مصر اور ترکیہ نے غزہ امن منصوبے کے تمام نکات پر مکمل وابستگی کا اعادہ کیا ہے۔

اجلاس میں جنگ بندی کے پہلے مرحلے کا جائزہ لیا گیا جس میں انسانی امداد میں اضافہ، یرغمالیوں کی لاشوں کی واپسی اور جزوی اسرائیلی فوجی انخلا شامل ہے ۔ بیان میں عبوری انتظامیہ کے فوری قیام اور بین الاقوامی استحکام فورس کی تعیناتی پر زور دیا گیا۔علاوہ ازیں ترک انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ ابراہیم کالن نے حماس کے وفد سے استنبول میں ملاقات کی ۔ حماس وفد کی سربراہی خلیل الحیہ کر رہے تھے ۔ترک حکام نے بتایا ہے کہ ملاقات میں جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کیلئے ضروری اقدامات پر بات چیت ہوئی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں