امریکی طیاروں کی نائیجیریا میں داعش کے ٹھکانوں پربمباری
کانو،واشنگٹن (اے ا یف پی)امریکا نے شمال مغربی نائیجیریا میں داعش کے دہشتگردوں کے خلاف طاقتور اور مہلک حملہ کردیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بتایا کہ محکمہ جنگ نے انتہائی درست اور کامیاب حملے کئے۔۔۔
د اعش اس علاقے میں مسیحیوں کو ایسے بے رحمی سے قتل کر رہی تھی جو صدیوں میں نہیں دیکھا گیا۔ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر تشدد نہ رکا تو سخت نتائج ہوں گے ۔ عالمی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سوکوٹو ریاست میں جمعرات کی رات زور دار دھماکے سنے گئے ،امریکی طیاروں نے جہاں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا،حملے میں کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی تاہم گھروں کی دیواروں اور چھتوں کو نقصان پہنچا۔پینٹاگون کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ بتایاکہ محکمہ جنگ نے ان حملوں کو انجام دینے کے لئے نائیجیریا کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا، ان حملوں کی منظوری نائیجیریا کی حکومت نے دی تھی،اہلکار نے اس منظوری میں نائیجیریا کی فوج کے ملوث ہونے کے حوالے سے تصدیق یا تردید نہیں کی ۔