اسرائیلی خفیہ ایجنسی ایرانی مظاہرین کیساتھ
تل ابیب،تہران (اے ایف پی) اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد نے ایرانی عوام سے براہ راست اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ احتجاج جاری رکھیں، موساد نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ایران میں پھیلتے مظاہروں میں زمینی سطح پر ان کا ساتھ دے رہی ہے۔۔۔
اسرائیلی فوجی ریڈیو کے مطابق موساد نے فارسی زبان میں اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہااکٹھے سڑکوں پر نکلیں۔ وقت آ چکا ہے ۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔پیغام میں کہا صرف دور سے یا الفاظ کے ذریعے نہیں، بلکہ ہم زمینی سطح پر بھی آپ کے ساتھ ہیں۔یہ مظاہرے اتوار کو تہران کے دکانداروں کی جانب سے ایران کی بگڑتی معیشت کے خلاف شروع ہوئے تھے ، جو بعد میں دیگر شہروں تک پھیل گئے ، جبکہ طلبا بھی ان مظاہروں میں شامل ہو گئے ہیں۔ادھر ایران میں معاشی ابتری اور مہنگائی کیخلاف احتجاج چوتھے روز بھی جاری رہا ، احتجاج کے دوران جنوبی ایران کے شہر فسا میں صوبائی گورنر کے دفتر پر حملہ کیا گیا ۔ ایرانی پراسیکیوٹر جنرل محمد موحدی نے کہا ہے کہ ملک میں جاری معاشی ابتری کیخلاف مظاہرے جائز ہیں۔ پرامن روزمرہ کے احتجاجی مظاہرے معاشرتی اور فطری حق ہیں تاہم مظاہروں کو عدم تحفظ، املاک کی تباہی یا بیرونی منصوبوں کیلئے استعمال کیا گیا تو اس کا جواب قانونی، مناسب اور فیصلہ کن ہوگا۔