یوکرین پر روسی حملے ،10لاکھ افراد پانی و بجلی سے محروم
یوکرین میں غیر ملکی افواج تعینات کی گئیں تو جائز ہدف ہوں گی:روس سکیورٹی ضمانتوں پر مبنی مسودہ تیار ہوچکا،جلد ٹرمپ کو پیش کیا جائیگا:زیلنسکی
کیف،ماسکو (اے ایف پی)یوکرینی حکام کے مطابق روسی حملوں سے 10لاکھ افراد پانی اور بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، روس نے 97 ڈرونز کے ساتھ توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔ یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے یوکرین کیلئے سکیورٹی ضمانتوں پر مبنی مسودہ تیار ہوچکا ہے اور جلد امریکی صدر ٹرمپ کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ زیلنسکی نے بتایا کہ دوطرفہ دستاویز اعلیٰ ترین سطح پر حتمی شکل دینے کے مرحلے میں ہے ۔ روس نے جمعرات کو دھمکی دی ہے کہ یوکرین میں تعینات غیر ملکی افواج نشانے پر ہوں گی، مغربی حکومتوں کے بھیجے گئے کوئی بھی فوجی یونٹس جائز جنگی ہدف ہوں گے ۔ روسی وزارت خارجہ نے خبردار کیا کہ مغربی افواج کی تعیناتی، فوجی تنصیبات اور رسد کے ذخائر روس اور دیگر یورپی ممالک کے لیے خطرہ ہیں۔