ٹرمپ کی 500فیصد ٹیرف کی دھمکی،بھارتی سٹاک مارکیٹ کریش:امریکی سینیٹ،صدارتی جنگی اختیارات محدود کرنیکا بل

ٹرمپ کی 500فیصد ٹیرف کی دھمکی،بھارتی سٹاک مارکیٹ کریش:امریکی سینیٹ،صدارتی جنگی اختیارات محدود کرنیکا بل

بھارت پر 50 فیصد امریکی ٹیرف کے باعث شدید دباؤ ،سرمایہ کاروں کے 4 دنوں میں 9 لاکھ کروڑ روپے ڈوب چکے ،روپے کی قدربھی گر گئی ٹرمپ کا دفاعی بجٹ 50 فیصد بڑھا کر15کھرب ڈالر کرنیکا اعلان،وینزویلا تیل کی آمدنی سے صرف امریکی مصنوعات خریدے گا:امریکی صدر

واشنگٹن ( نیوز ایجنسیاں ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایسے بل کی حمایت کی ہے جو روسی تیل خریدنے والے ممالک پر 500 فیصد تک ٹیرف (محصولات) عائد کر سکتا ہے ۔ جس کے بعد بھارتی سٹاک مارکیٹ کریش کرگئی، مسلسل چوتھے دن گراوٹ کی شکار بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 4 دنوں میں 9 لاکھ کروڑ روپے ڈوب چکے ہیں۔ نئے ٹیرف کا بل امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے پیش کیا جس کی صدر ٹرمپ نے حمایت کردی، بل کی منظوری اگلے ہفتے ہونے کا امکان ہے ۔ بھارت پہلے ہی 50 فیصد امریکی ٹیرف کے باعث شدید دباؤ میں ہے ۔ جمعرات کو بھارتی روپے کی قدربھی گر گئی ۔جنوری میں اب تک غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 90 کروڑ ڈالر کے حصص فروخت کیے ہیں، قبل ازیں 2025 میں ریکارڈ 19 ارب ڈالر کے حصص فروخت ہوئے تھے

۔دوسری جانب امریکی سینیٹ نے جمعرات کو ایک قرارداد کو آگے بڑھایا جس کے تحت صدر ٹرمپ کو کانگریس کی اجازت کے بغیر وینزویلا کے خلاف مزید فوجی کارروائی کرنے سے روکا جائے گا ۔جنگی اختیارات سے متعلق اس قرارداد کو آگے بڑھانے کے لیے طریقہ کار کی ووٹنگ 52 کے مقابلے میں 47 ووٹوں سے منظور ہوئی، جس میں ٹرمپ کی ہی جماعت کے پانچ ریپبلکن سینیٹرز نے تمام ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر اس کی حمایت کی۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اگلے سال کیلئے دفاعی بجٹ کو 50 فیصد بڑھا کر 15کھرب ڈالر کیا جائے گا تاکہ مشکل اور خطرناک اوقات میں ملک محفوظ رہے ۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ یہ اضافی رقم امریکی فوج کو "ڈریم ملٹری" بنانے اور دشمنوں سے حفاظت کے لیے استعمال ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ممکن ہے کیونکہ گزشتہ سال سے نافذ کردہ وسیع محصولات اور ٹیکسوں سے آمدنی بڑھی ہے ۔ امریکا پہلے ہی دنیا کا سب سے بڑا فوجی خرچ کرنے والا ملک ہے ۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا اپنی نئی تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم سے صرف امریکی مصنوعات خریدے گا۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ اس معاہدے کے تحت وینزویلا نہ صرف زراعتی اشیا بلکہ دوائیں، طبی آلات اور توانائی کے سازوسامان بھی امریکا سے خریدے گا۔ٹرمپ نے لکھا کہ وینزویلا نے امریکا کو اپنے اہم ترین تجارتی شراکت دار کے طور پر منتخب کیا جو کہ عقل مندانہ انتخاب کے ساتھ ساتھ وینزویلا اور امریکا دونوں کے عوام کے لیے بہت اچھا ہے ۔امریکی صدر ٹرمپ نے کولمبیا کے صدر گوستاوو پیٹرو کو وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی دعوت دی ہے ، چند دن پہلے انہوں نے منشیات سمگلنگ کے الزام پر پیٹرو کو فوجی کارروائی کی دھمکی بھی دی تھی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلا فون پر رابطہ تھا ، ٹرمپ نے کال کے لہجے کو سراہا اور کہا کہ وہ جلد ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ امریکا اور کولمبیا کے تعلقات میں حالیہ کشیدگی کے باوجود اس پیش رفت کو تعلقات میں ڈپلومیسی کی کوشش سمجھا جا رہا ہے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں