بنگلہ دیش کی بھارتی شہریوں پر ویزوں کی پابندیاں نافذ
کاروباری اور ملازمت پیشہ افراد کے ویزوں کے سوا ہر قسم کے ویزے معطل یہ فیصلہ کشیدگی کے تناظر میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا: ذرائع
ڈھاکہ (دنیامانیٹرنگ)بنگلہ دیش نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزہ کے اجرا پر مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں اور اِن کا دائرہ کولکتہ، ممبئی اور چنئی میں قائم اپنے ڈپٹی ائی کمیشنز تک بڑھا دیا ہے ۔بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق وزارتِ خارجہ نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پابندیاں جمعرات سے نافذ ہو گئی ہیں۔ وزارتِ خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تازہ اقدامات کے تحت کاروباری اور ملازمت پیشہ افراد کے ویزوں کے علاوہ ہر قسم کے ویزے معطل کر دیئے گئے ہیں۔کولکتہ میں واقع بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمیشن میں قونصلر اور ویزہ خدمات مکمل طور پر روک دی گئی ہیں، جبکہ ممبئی اور چنئی میں انڈین شہریوں کے لیے سیاحتی اور دیگر ویزوں کی خدمات بھی معطل کر دی گئی ہیں۔بنگلہ دیش میں سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں سکیورٹی خدشات کو پیش نظر رکھ کر کیا گیا ہے ۔اس سے قبل گزشتہ برس 22 دسمبر کو بنگلہ دیش نے نئی دہلی میں واقع اپنے ہائی کمیشن، تریپورہ کے شہر اگرتلہ میں اسسٹنٹ ہائی کمیشن اور سلی گڑی میں واقع ویزہ سنٹر میں ویزہ کے اجرا اور قونصلر خدمات کو عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔واضح رہے بھارت نے 5 اگست 2024 کے بعد سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے بنگلہ دیشی شہریوں کے لیے ویزے کی پابندیاں عائد کردی تھیں۔