روس کا یوکرین پر بڑا حملہ ،ہائپرسونک میزائل چلادئیے
کیف اور دیگر شہروں پر 36میزائل اور 242ڈرون داغے ،4افراد ہلاک حملوں میں اوریشنک میزائل کا استعمال ہوا ، رینج بین البراعظمی تھی :یوکرین
کیف (اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک )روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت مختلف شہروں پر ہائپر سونک میزائل(اوریشنِک)اور 2 سو سے زائد ڈرون حملے کر دئیے ، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ۔یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے 36 میزائل اور 242 ڈرون فائر کئے جن میں سے 226 ڈرون اور 18 میزائل مار گرائے گئے ۔روسی فضائی حملے کے نتیجے میں کیف میں رہائشی عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ امدادی کارکن بھی حملوں کی زد میں آئے ۔کیف میں قائم قطر کے سفارتخانے کو بھی نقصان پہنچا تاہم کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ۔ روس کا کہنا ہے کہ یہ حملے صدر پوٹن کی رہائش پر ڈرون حملے کے ردعمل میں کئے گئے تاہم یوکرین اس کی تردید کر چکا ہے ۔ روس نے یوکرین پر حملوں میں اوریشنک میزائل کا استعمال بھی کیا ، یہ میزائل اس سے قبل صرف ایک بار نومبر 2024 میں دنیپرو شہر پر حملے کیلئے استعمال کیاگیاتھا۔
یوکرینی حکام نے کہا کہ اس میزائل میں بین البراعظمی میزائل والی ساری خصوصیات موجود تھیں تاہم مغربی حکام نے یوکرینی حکام کے دعوے کی فوراً تردید کی تھی اور کہا تھا کہ بین البراعظمی میزائل حملے کے نتیجے میں امریکہ میں فوراً نیوکلیئرالرٹ جاری ہو جاتا ہے ۔ روسی زبان میں اوریشنِک کا لفظ ہیزل کے درخت کیلئے استعمال ہوتا ہے ۔