اداکارہ مارگوٹ روبی کے گلے میں نورجہاں کا ہار
لاس اینجلس(مانیٹرنگ ڈیسک)ہالی وڈ اداکارہ مارگوٹ روبی نے اپنی نئی فلم وتھرنگ ہائٹس کے لاس اینجلس پریمیئر پر ایک ایسا ہار پہنا جس نے فیشن کے ساتھ ساتھ تاریخ اور نوآبادیاتی ورثے سے متعلق بھی نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ووگ میگزین کے مطابق یہ ہار مغل ملکہ نور جہاں سے منسوب صدیوں پرانا تاج محل ڈائمنڈ نیکلس ہے ، یہ دل کی شکل کا قیمتی ہیرا جیڈ میں جڑا ہوا ہے اور سونے ، روبی اور ڈائمنڈ سے تیار کردہ چین کے ساتھ آویزاں ہے ۔ اس ہار پر فارسی میں عبارت کندہ ہے محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے ۔ اس پر ملکہ نور جہاں کا نام بھی درج ہے ۔روایت کے مطابق یہ ہار مغل بادشاہ جہانگیر نے اپنی اہلیہ نور جہاں کو محبت کی علامت کے طور پر تحفے میں دیا تھا۔تاریخی طور پر یہ زیور بعد میں ملکہ ممتاز محل تک پہنچا جو شاہ جہان کی اہلیہ تھیں اور اسی مضبوط تعلق کی بنا پر اسے تاج محل ڈائمنڈ کہا جانے لگا۔صدیوں بعد یہ نایاب ہار یورپی جیولری برانڈ ‘کارٹیئر’ کے پاس پہنچا جہاں اسے نئے انداز میں ڈیزائن کیا گیا۔
1972 میں کارٹیئر کے صدر نے یہ ہار اداکارہ الزبتھ ٹیلر کو ان کے شوہر رچرڈ برٹن کی جانب سے تحفے کے طور پر پیش کیا۔ بعدازاں 2011 میں الزبتھ ٹیلر کے انتقال کے بعد یہ ہار نیلامی میں 88 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا جو اس وقت انڈین زیورات کے کسی آئٹم کی تاریخ کی ریکارڈ قیمت تھی۔تاہم مارگوٹ روبی کی جانب سے اس ہار کا پہنا جانا ایک نئی بحث کا باعث بھی بنا ہے ۔ یہ ہیرے اور دیگر قیمتی زیورات ان ہزاروں نوادرات میں شامل ہیں جو صدیوں کی نوآبادیاتی تاریخ کے دوران انڈیا سے باہر لے جائے گئے ۔انڈیا اس وقت برطانیہ اور دیگر ممالک سے اپنے تاریخی خزانے واپس کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے ، جن میں شاہی خاندان کے پاس موجود کوہِ نور ہیرا بھی شامل ہے ۔