جنسی مجرم ایپسٹین کی پا کستانی شلوار قمیض میں دلچسپی

جنسی مجرم ایپسٹین کی پا کستانی شلوار قمیض میں دلچسپی

لباس کے حوالے سے زبیر خان سے ای میلز کا تبادلہ،خریدنے کی خواہش کا اظہار دستاویزات کی 864 فائلز میں پاکستان کا کسی نہ کسی حوالے سے ذکر موجود

واشنگٹن(دنیامانیٹرنگ)امریکا میں حالیہ جاری ہونے والی جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے متعلق ای میلز اور دستاویزات میں ایک غیر متوقع حوالہ اس وقت سامنے آیا جب ایک پیغام میں انہوں نے پاکستانی شلوار قمیض خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ امریکہ محکمہ انصاف کی ویب سائٹ پر جاری دستاویزات میں پاکستان کے نام سے تلاش کرنے پر 864 فائلز سامنے آئیں جن میں پاکستان کا کسی نہ کسی حوالے سے ذکر ہے ۔ تاہم پاکستان میں مقبول شلوار قمیض کے موضوع پر بھی زبیر خان نامی کسی شخص کے ساتھ ای میلز کا تبادلہ ہے ۔یہ زبیر خان کون ہے واضح نہیں۔ یہ بھی نہیں واضح کہ آیا وہ پاکستانی ہیں یا نہیں۔زبیر خان تین جنوری 2017 کو بظاہر ایپسٹین کے ای میل کے جواب میں لکھتے ہیں کہ انہیں خوشی ہے کہ لباس اسے پسند آیا۔ایک ای میل کے جواب میں ایپسٹین پاکستانی لباس خریدنے کی خواہش ظاہر کرتے ہیں۔دستاویزات میں پاکستان کا ذکر پولیو کے خلاف عالمی مہم کے تناظر میں بھی ہوا۔ بعض ای میلز میں پاکستان میں ویکسین ٹیموں کو درپیش سکیورٹی خدشات، فیلڈ چیلنجز اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسی طرح کچھ ای میلز میں پاکستانی سیاسی شخصیات کے نام بھی سامنے آئے ، جن میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کے سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی شامل ہیں۔ تاہم دستیاب معلومات کے مطابق یہ حوالہ جات زیادہ تر عالمی سیاسی گفتگو یا ممکنہ سفارتی رابطوں کی عمومی فہرستوں تک محدود تھے ۔ کسی ملاقات، ذاتی تعلق یا مجرمانہ کردار کی تصدیق نہیں کی گئی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں