ایران کا چین سے اینٹی شپ میزائل خر یدنے کا ممکنہ معاہدہ

ایران کا چین سے اینٹی شپ میزائل خر یدنے کا ممکنہ معاہدہ

سپر سونک 290کلومیٹر تک مار کر سکتے ،خطے میں امریکی بحریہ کیلئے خطرہ :ماہرین اگر ایران کو سپر سونک میزائلز حاصل ہو گئے تو کھیل بدل جائیگا:سابق اسرائیلی اہلکار

تہران (نیوز ایجنسیاں)ایران چین کے ساتھ اینٹی شپ کروز میزائلز خریدنے کے معاہدے کے قریب پہنچ گیا ہے ، یہ تب ہو رہا ہے جب امریکا ممکنہ حملوں کے پیش نظر ایرانی ساحل کے قریب اپنی وسیع بحری فوجی قوت تعینات کر رہا ہے ۔ بر طانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ سپر سونک میزائلز تقریباً 290 کلومیٹر تک مار کر سکتے ہیں ۔یہ سمندری دفاعی نظاموں سے بچنے کیلئے نیچے اور تیز رفتار پرواز کرنے کیلئے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ دو ہتھیاروں کے ماہرین کے مطابق، ان کے حصول سے ایران کی حملہ آور صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ اور اس خطے میں امریکی بحری افواج کے لیے خطرہ پیدا ہوگا ۔ اس معاملے پر سابق اسرائیلی انٹیلی جنس اہلکار ڈینی سٹرینووِزک نے کہا کہ اگر ایران کے پاس علاقے میں جہازوں پر حملہ کرنے کی سپر سونک صلاحیت ہے تو یہ مکمل طور پر کھیل بدل دینے والا ہے۔

یہ میزائلز پکڑنا بہت مشکل ہیں۔یہ واضح کرتا ہے کہ ایران کی یہ صلاحیت خطے میں امریکی اور دیگر اتحادی بحری افواج کے لیے ایک سنگین خطرہ پیدا کر سکتی ہے ۔مزید براں امریکی صدر ٹرمپ نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی آرمی چیف آف سٹاف نے ایران میں امریکی فوجی کارروائی کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ ایسی خبریں 100 فیصد غلط ہیں۔امریکی صدر نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں لیکن اگر ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوتا ہے تو یہ اس ملک کیلئے بہت برا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کہ یہ وہاں کے لوگوں کیلئے بھی برا ہوگا۔ کیونکہ یہ حیرت انگیز لوگ ہیں۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے ۔

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں