جنگ کے بادل،ایران سے نکل جائیں،اسرائیل کا رخ نہ کریں:مختلف ممالک کی شہریوں کو ہدایت

جنگ کے بادل،ایران سے نکل جائیں،اسرائیل کا رخ نہ کریں:مختلف ممالک کی شہریوں کو ہدایت

برطانیہ نے ایران سے سفارتی عملہ واپس بلایا،اٹلی کے شہریوں کاانخلا ،چین نے اسرائیل سے بھی شہریوں کونکلنے کا کہہ دیا ترکی سے تہران کی فلائٹس منسوخ ،سعودیہ کے پرنس سلطان ایئر بیس پر امریکی طیاروں کی تعدادمیں اضافہ ،اواکس شامل

تہران ، واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں )ایران پر امریکی حملے کے خطرات بڑھنے لگے ، متعدد ممالک نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ ایران سے نکل جائیں اور اسرائیل کا رخ بھی نہ کریں ۔ سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوا کہ فروری میں چار دن کے دوران ایک سعودی فضائی  اڈے پر، جسے امریکی فوج استعمال کرتی ہے ، فوجی طیاروں کی تعداد میں اضافہ ہوا، جن میں ایندھن بھرنے والے ٹینکر طیارے بھی شامل تھے ۔21 فروری کو لی گئی ایک ہائی ریزولوشن سیٹلائٹ تصویر میں سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئر بیس پر کم از کم 43 طیارے نظر آئے ، یہ اڈہ کئی دہائیوں سے امریکی افواج کی میزبانی کرتا رہا ہے جبکہ 17 فروری کی تصویر میں 27 طیارے دکھائی دئیے تھے ۔5 فروری کی تصویر میں یہ تعداد 38 تھی ،طیاروں میں اواکس بھی شامل تھے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیاسے گفتگو میں کہا کہ وہ ایران سے خوش نہیں ہیں اور تہران کے ساتھ ایک معاہدہ کرنا چاہتے ہیں لیکن خبردار کیا کہ کبھی کبھی آپ کو فوجی طاقت استعمال کرنا پڑتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایران اب بھی امریکا کی طرف سے مطالبہ کئے گئے جوہری ہتھیاروں سے دستبرداری پر آمادہ نہیں ہے ۔ مزید برآں عمان، جو امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کر رہا ہے ، نے کہا کہ جمعرات کو ہونے والے مذاکرات میں فریقین نے پیش رفت کی تاہم کسی ایسے بڑے بریک تھرو کے آثار نظر نہیں آئے جو ممکنہ امریکی حملوں کو روک سکے ۔حالیہ سیٹلائٹ تصاویر سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ ایران مختلف مقامات کی مرمت اور انہیں مضبوط بنا رہا ہے ، جن میں ایک حساس فوجی مقام بھی شامل ہے جسے مبینہ طور پر 2024 میں اسرائیل نے بمباری کا نشانہ بنایا تھا۔دوسری جانب برطانیہ نے ایران میں اپنے سفارتی عملے کو موجودہ سکیورٹی صورتحال کے باعث واپس بلا لیا ہے جبکہ چین نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد از جلد ایران سے نکل آئیں کیونکہ امریکا کی جانب سے ممکنہ حملوں کی دھمکیوں کے باعث بیرونی سکیورٹی خطرات میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے ۔

سرکاری میڈیا کے مطابق چین نے اسرائیل میں بھی موجود اپنے شہریوں پر زور دیا کہ وہ انتہائی چوکنا رہیں اور ہنگامی تیاریوں کو مضبوط بنائیں ۔امریکا نے اسرائیل سے اپنے سفارت خانے کے نان ایمر جنسی عملے کو انخلا کی اجازت دے دی۔فرانسیسی وزارتِ خارجہ نے ایران میں سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر فرانسیسی شہریوں کو اسرائیل، یروشلم اور مغربی کنارے کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ترک حکام کے مطابق جمعہ کے روز استنبول سے تہران جانے والی تین پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔اٹلی کی وزارتِ خارجہ نے جمعہ کے روز اپنے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایران چھوڑ دیں اور مشرقِ وسطیٰ میں انتہائی احتیاط برتیں، کیونکہ سکیورٹی حالات مسلسل غیر مستحکم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں