بھارت کو جھٹکا ، 4لاکھ ٹن چاول کی برآمد رک گئی
جنگ کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں شپنگ کے راستے مسدود ہوگئے ،کرایہ دوگنا متبادل مارکیٹ اتنی مقدار میں چاول نہیں لے سکتی،نئے برآمدی آرڈرز کا انتظار
ممبئی (رائٹرز)تجارتی حکام نے کہا کہ تقریباً 4لاکھ میٹرک ٹن بھارتی باسمتی چاول بندرگاہوں پر اور نقل و حمل کے دوران رک گئے ہیں اور نئے برآمدی آرڈرز نہیں آ رہے ، کیونکہ نقل و حمل کا کرایہ دو گنا ہو گیا ہے ۔ آل انڈیا رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ستیش گوئل نے کہا ہے کہ تقریباً 2لاکھ ٹن باسمتی چاول راستے میں پھنس گئے ہیں، اور اتنی ہی مقدار بھارتی بندرگاہوں پر رکی ہوئی ہے ، کیونکہ جنگ نے مشرق وسطیٰ میں شپنگ کے راستے مسدود کر دئیے ہیں۔گوئل نے کہا کہ برآمد کنندگان نے پہلے ہی سٹاک بندرگاہوں پر منتقل کر دیا ہے ، لیکن بڑھتے ہوئے کنٹینر کرایوں کی وجہ سے وہ مشرق وسطیٰ کو بھیج نہیں سکتے ، اور کوئی متبادل مارکیٹ اتنی مقدار کو لے نہیں سکتی۔