پوٹن کا ٹرمپ سے رابطہ ، جنگ تقریباً مکمل ہو چکی :امریکی صدر

 پوٹن کا ٹرمپ سے رابطہ ، جنگ تقریباً مکمل ہو چکی :امریکی صدر

روسی صدر نے ایران تنازع ختم کرنے کیلئے تجاویزدیں ،یوکرین پر بھی گفتگو ایران میں نئے سپریم لیڈرکی حمایت میں ریلیاں ، تل ابیب پر نئے حملوں کی لہر

واشنگٹن ،تہران (رائٹرز،اے ایف پی، مانیٹرنگ ڈیسک) روس کے صدر ولادی میرپوٹن نے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کرکے ایران تنازع ختم کرنے کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں ۔کریملن کے اعلیٰ سفارتی معاون یوری اوشاکوف نے میڈیا سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی اورکہاکہ گفتگو تعمیری اندازمیں ہوئی ،گفتگومیں یوکرین جنگ پرہونیوالے مذاکرات پربھی تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ دونوں ممالک میں سفارتی سطح پر بات چیت جاری رکھنے پر زور دیاگیا۔ دوسری جانب امریکی انتظامیہ روسی تیل پر پابندیوں کو مزید نرم کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ عالمی توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کم کیا جا سکے ۔ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکہ ایران میں جاری جنگ تقریباً مکمل ہو چکی ہے ،ایران کی بحریہ، فضائیہ اور مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ٹرمپ نے ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے بارے میں کہا کہ ان کیلئے کوئی خاص پیغام نہیں ہے ۔

دوسری طرف ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے انتخاب کے بعد ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں ،نئے ایرانی سپریم لیڈر کا اعلان ہوتے ہی شہری تہران کی سڑکوں پر نکل آئے اورنعرے لگائے ۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر نامزد کیا گیا ہے ۔ایران کی مجلس خبرگان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد برقرار رکھا جائے اور نئے سپریم لیڈر کے ساتھ وفاداری کا اظہار کیا جائے ۔ ایران کی مسلح افواج نے بھی سپریم لیڈر سے وفاداری کا عہد کیا،پاسداران انقلاب کاکہناتھاکہ مجتبیٰ خامنہ ای کی پیروی کریں گے ۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہناتھاکہ رہبر معظم کا انتخاب اتحاد کی مضبوطی ہے ، یہ فیصلہ ملک کیلئے طاقت اور وقار کے ایک نئے دور کی شروعات ، ملک کی یکجہتی اور قومی وحدت کے فروغ کیلئے ہے ۔ پاسداران انقلاب نے نئے سپریم لیڈر کا اعلان ہوتے ہی میزائلوں سے اسرائیل کے شمالی علاقوں کو نشانہ بنایا جس کی اسرائیلی فوج نے بھی تصدیق کی اورکہاکہ انہوں نے فضا میں کئی ایرانی میزائلوں کو نشانہ بنایاہے ۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا کہ اس نے آپریشن وعدہ صادق 4 کا 30 واں مرحلہ شروع کر دیا ہے ،جس کے دوران خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور اسرائیلی اہداف کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

یہ کارروائی رمضان المبارک کے انیسویں روز کے موقع پر کی گئی اور اسے امام علی کے کوڈ نام سے منسوب کیا گیا ۔ تمام میزائل اور ڈرون اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے میں کامیاب رہے تاہم ان حملوں سے ہونے والے نقصانات یا ہلاکتوں کے بارے میں آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔حملوں کے دوران تل ابیب، حیفا اور وسطی علاقوں میں ایئر ریڈ سائرنز بجائے گئے ، تل ابیب میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ مقبوضہ بیت المقدس کے آسمان پر میزائلوں کی پرواز کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ پاسدارن انقلاب نے 24 گھنٹوں میں 4 امریکی میزائل شکن دفاعی ریڈار تباہ کرنے کا دعویٰ کر دیا۔ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایاکہ ایران کے یورینیم کے ذخائرتک پہنچنے کیلئے وہ ایران میں امریکی فوج بھیجنے کے فیصلہ لینے سے ابھی بہت دور ہیں ۔ٹ

رمپ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ مجتبیٰ خامنہای کے ایران کے رہبرِ اعلیٰ منتخب ہونے پر خوش نہیں ہیں۔سپریم لیڈر کے انتخاب کے سوال پر انہوں نے براہ راست تبصرہ کرنے سے گریزکیااور مختصرردعمل دیتے ہوئے کہاکہ دیکھیں گے کیا ہوتا ہے ۔ ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے مجتبیٰ خامنہ ای کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ان کا انجام بھی وہی ہو سکتا ہے جو ان کے والد کا ہوا۔دوسری جانب امریکا نے سعودی عرب میں موجود امریکی سفارتی عملے کو واپس بلانے کا حکم دے دیا۔ترکیہ نے شمالی قبرص میں فضائی دفاعی نظام اور 6 ایف 16 طیارے تعینات کر دئیے ۔ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب ہونے پر خیرمقدم کرتے ہوئے ان سے وفاداری کا عہد دہرایا ہے ۔ چین نے کہا ہے کہ ایران کی طرف سے آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر منتخب کرنا ایک صِرف داخلی معاملہ ہے اور اس پر بیرونی مداخلت قابلِ قبول نہیں۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جی آکون نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ فیصلہ ایران کے آئین کے تحت کیا گیا ہے اور دیگر ممالک کو ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنا چاہئے ۔

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں