کویت :عید الفطر منانے اور شادیوں کی تقریبات پر پابندی

کویت :عید الفطر منانے اور شادیوں کی تقریبات پر پابندی

قطر میں عوامی افطار پارٹیاں بند ، 1812 کلومیٹر ریس کو بھی ملتوی کر دیا گیا دبئی میں سیاحتی مقام گلوبل ویلج پر تالے ، اوپیرا کی کچھ موسیقی تقریبات بھی مو ٔخر متحدہ عر ب امارات کے شہر فجیرہ میں اے ٹی پی چیلنجر ٹینس ٹورنامنٹ بھی منسوخ

کویت سٹی (اے ایف پی)ایران کی جانب سے مسلسل حملوں کے باعث خلیجی ممالک میں مختلف تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں جن میں کویت میں حکام کی طرف سے  عیدالفطر کے دوران خوشیاں منانے پر پابندی بھی شامل ہے ۔کویت کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا:یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران اور آئندہ اطلاع تک ڈرامے ، کنسرٹس اور شادیوں کی تقریبات کے انعقاد پر پابندی ہوگی۔اس طرح کویت ایسا قدم اٹھانے والی پہلی خلیجی حکومت بن گئی ہے ۔یہ مسلم تہوار جاری مقدس مہینے رمضان کے اختتام پر اگلے ہفتے منایا جانا تھا ۔جنگ کے آغاز پر 28 فروری کو قطر نے عوامی تحفظ کے خدشات کے باعث تمام عوامی تقریبات آئندہ اطلاع تک معطل کر دیں، جن میں افطار کی عوامی تقریبات بھی شامل تھیں ۔مارچ کے آخر میں ہونے والی ورلڈ اینڈیورینس چیمپئن شپ کے افتتاحی مقابلے قطر 1812 کلومیٹر ریس کو بھی مشرقِ وسطیٰ میں موجودہ اور بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے جس کا اعلان منتظمین نے کیا۔دبئی میں سیاحتی مقام گلوبل ویلج کو بھی آئندہ اطلاع تک بند کر دیا گیا ہے ، جس سے عید کے موقع پر آتش بازی کے پروگرام پر بھی غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جبکہ دبئی اوپیرا کی کچھ موسیقی کی تقریبات بھی ملتوی کر دی گئی ہیں۔4 مارچ کو متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ میں ہونے والا اے ٹی پی چیلنجر ٹینس ٹورنامنٹ بھی منسوخ کر دیا گیا کیونکہ اس دن کھیل کے دوران قریب واقع تیل کی ریفائنریوں پر ڈرون حملوں کے باعث مقابلہ روک دیا گیا تھا۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں