ٹرمپ اپنے وزرا کو جوتے بطور تحفہ بھیجنے لگے
کئی لوگ برسوں تک ایسے جوتے پہنتے ہیں جو اچھے یا آرام دہ نہیں ہوتے :ٹرمپ مجھے کبھی یہ پسند نہیں آیا کہ کابینہ کے ارکان سنیکرز پہن کر آئیں:امریکی صدر جوڑے کی قیمت 145ڈالر ،نائب صدرسمیت کئی ارکان یہ جوتے پہن رہے
واشنگٹن (اے ایف پی)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کو تصدیق کی کہ انہوں نے اپنی کابینہ کے کئی ارکان کو اپنے پسندیدہ برانڈ کے ایک جیسے جوتے تحفے میں دئیے ہیں۔ایک جوڑے کی قیمت 145 ڈالر ہے ۔اس غیر معمولی تحفے کی خبر اس ہفتے ایک معروف امریکی اخبار نے دی تھی۔ بعض اوقات ٹرمپ لوگوں کے سامنے ہی اندازہ لگا کر ان کے جوتوں کا سائز بھی بتا دیتے تھے ۔79 سالہ صدر نے کہاکئی لوگ برسوں تک ایسے جوتے پہنتے رہے ہیں جو اچھے یا آرام دہ نہیں ہوتے ۔ جب وہ مجھے اپنی مشکل بتاتے ہیں تو میں ہنستے ہوئے کہتا ہوں کہ میں تمہیں جوتوں کا ایک جوڑا دلواتا ہوں۔ یہ اچھی طرح کام کر جاتا ہے۔
اب وہ سب بہت سلیقے سے تیار نظر آتے ہیں۔ یہ ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے تحفہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں کبھی یہ پسند نہیں آیا کہ کابینہ کے ارکان سنیکرز پہن کر آئیں۔رپورٹ کے مطابق یہ جوتے نائب صدر، وزیر خارجہ اور وزیر دفاع سمیت کابینہ کے کئی ارکان پہن رہے ہیں۔ایک تصویر میں وزیر خارجہ کو انہی جیسے جوتے پہنے دیکھا گیا، لیکن بظاہر وہ ایڑی کے پاس کچھ بڑے دکھائی دے رہے تھے ۔کمپنی کی ویب سائٹ پر اسی شکل کے چمڑے کے رسمی جوتے تقریباً 145 ڈالر فی جوڑا فروخت ہو رہے ہیں اور یہ چین میں تیار کیے جاتے ہیں۔