امریکا کے بڑے فالس فلیگ حملے کا خطرہ :علی لاریجانی
ایپسٹین ٹیم کی باقیات نائن الیون جیسا واقعہ کرکے الزام ایران پر لگا سکتی ہے ایران دہشتگردانہ منصوبوں کامخالف،ہماری جنگ امریکی عوام سے نہیں :بیان
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے کہاہے کہ سنا ہے جیفری ایپسٹین ٹیم کی باقیات نے نائن الیون جیسا واقعہ کرنے اور الزام ایران پر لگانے کی سازش تیار کی ہے ،یہ گروہ نائن الیون جیسا واقعہ کروا کر الزام ایران پر ڈال سکتا ہے ، ایران ایسے دہشتگردانہ منصوبوں کی سخت مخالفت کرتا ہے ،ہماری جنگ امریکی عوام کے ساتھ نہیں ہے ۔علی لاریجانی نے اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادی ایک ممکنہ بڑے فالس فلیگ حملے کی سازش کر سکتے ہیں اور اس کا الزام ایران پر ڈال سکتے ہیں۔
ایران اس وقت امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کر رہا ہے اور دفاعی کارروائی میں مضبوط اور فیصلہ کن انداز میں جواب دے رہا ہے تاکہ ایران پر حملہ آوروں کو سزا دی جا سکے ۔خیال رہے کہ امریکی میڈیا نے اس سے قبل اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ایف بی آئی نے فروری کے اوائل میں یہ انٹیلی جنس شیئر کی تھی کہ اگر امریکا ایران پر حملہ کرے تو تہران ممکنہ طور پر کیلیفورنیا کے ساحل کے قریب کسی نامعلوم جہاز سے ڈرون حملہ کر سکتا ہے ۔