ایران :پولیس اہلکاروں کے قتل کا الزام،3مظاہرین کو پھانسی
مظاہروں میں قانون کی خلاف ورزی پر 11ہزار 744کیسز تاحال زیرسماعت ایران بھر میں کریک ڈاؤن ،اسرائیل کیلئے کام کرنے والے 97افراد گرفتار
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران پولیس اہلکاروں کے قتل کے الزام میں تین مظاہرین کو پھانسی دے دی گئی جبکہ اسرائیل سے مبینہ روابط کے الزام میں 97افراد کو گرفتار کرلیاگیاہے ۔عالمی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 3مظاہرین کو جنوری میں ملک گیر احتجاج کے دوران دو پولیس اہلکاروں کے قتل کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی۔عدالتی فیصلے کے مطابق انہیں قتل اور نظام کے خلاف جنگ کے جرم میں قصوروار پایا گیا، جس میں اسرائیل اور امریکا کے حق میں سرگرمیوں کا الزام بھی شامل ہے ۔یہ احتجاج ابتدا میں معاشی مسائل کے خلاف شروع ہوا تھا، جو بعد میں حکومت مخالف ملک گیر مظاہروں میں تبدیل ہو گیا،ایرانی سکیورٹی فورسز کی سخت کارروائی کے بعد اب بھی تقریباً 11 ہزار 744 کیسز کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔دوسری طرف ایران کی وزارتِ انٹیلی جنس نے اسرائیل کیلئے کام کرنے کے الزام میں 97 افراد کو گرفتار کر لیا۔ یہ گرفتاریاں ایک وسیع سکیورٹی کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں جس کے تحت جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیل اور امریکا سے مبینہ روابط کے الزام میں سینکڑوں افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے ۔گزشتہ روز ہونیوالی گرفتاریوں میں 41 افراد کو غیر ملکی اپوزیشن میڈیا چینلز کو ویڈیوز بھیجنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔