ٹرمپ کے فرانسیسی صدر کو بیوی سے مار کھانے کے طعنے
میکخواں ابھی تک جبڑے پر پڑنے والے گھونسے سے سنبھل رہے :امریکی صدر تبصرہ غیر شائستہ اور نا موزوں،جواب دینے کے بھی قابل نہیں:ایمانوئیل میکخواں
سیول (اے ایف پی)امریکا اور فرانس کے تعلقات میں تلخی بڑھنے لگی ۔ ٹرمپ نے ایک نجی ظہرانے کے دوران ایک ویڈیو میں، جو کچھ دیر کے لیے وائٹ ہاؤس کے یوٹیوب چینل پر پوسٹ کی گئی تھی اور بعد میں اس تک رسائی بند کر دی گئی، میکخواں اور فرانسیسیوں کا مذاق اڑایا۔ٹرمپ نے کہا: "ہمیں ان کی ضرورت نہیں تھی، لیکن میں نے پھر بھی پوچھ لیا۔ میں نے فرانس کو فون کیا، میکخواں کو-جن کی بیوی ان کے ساتھ انتہائی برا سلوک کرتی ہے ۔ وہ ابھی تک جبڑے پر پڑنے والے گھونسے سے سنبھل رہے ہیں۔"ٹرمپ نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا: "اور میں نے کہا، 'ایمانوئیل، ہمیں خلیج میں کچھ مدد چاہیے ، حالانکہ ہم برے لوگوں کو ختم کرنے اور بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کرنے میں ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔ ہمیں کچھ مدد درکار ہے ۔ اگر ممکن ہو تو فوراً جہاز بھیجیں۔'" پھر انہوں نے فرانسیسی لہجے کی نقل کرتے ہوئے میکخواں کے مبینہ جواب کو بیان کیا: "نہیں نہیں، ڈونلڈ، ہم ایسا نہیں کر سکتے ۔ ہم یہ کام جنگ جیتنے کے بعد کر سکتے ہیں،" ٹرمپ نے کہا: "میں نے جواب دیا، 'نہیں نہیں، ایمانوئیل، مجھے جنگ جیتنے کے بعداس کی ضرورت نہیں ہے ۔'"انہوں نے مزید کہا: "تو میں نے نیٹو کے بارے میں سیکھ لیا -
نیٹو وہاں نہیں ہوگا اگر کبھی بڑی جنگ ہوئی، آپ سمجھ رہے ہیں میں کس بڑی جنگ کی بات کر رہا ہوں،" تاہم انہوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی۔امریکی صدر مئی 2025 کی ایک ویڈیو کا حوالہ دے رہے تھے ، جس میں بظاہر بریجیت میکخواں کو ویتنام کے دورے کے دوران فرانسیسی صدر کے چہرے کو پرے کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا، تاہم بعد میں میکخواں نے اسے غلط معلومات پر مبنی مہم کا حصہ قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔اس وقت میکخواں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ کسی بھی "گھریلو تنازع" کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ "حسبِ معمول مذاق کر رہے تھے ۔"ردِعمل میں فرانسیسی صدر میکخواں نے اس تبصرے کو غیر شائستہ اور نا موزوں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جواب دینے کے بھی قابل نہیں۔تاہم سٹراٹیجک امور پر بات کرتے ہوئے فرانسیسی صدر نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ مسلسل متضاد پیغامات دے رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا: ‘بہت زیادہ باتیں ہو رہی ہیں لیکن ہمیں استحکام، سکون اور امن کی طرف واپسی کی ضرورت ہے ۔ یہ کوئی تماشہ نہیں ہے ۔’انھوں نے کہا: اگر آپ سنجیدہ ہونا چاہتے ہیں تو ایسا نہیں ہو سکتا کہ ایک روز آپ کوئی بات کریں اور اگلے روز اس کے الٹ بات کریں۔