مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوجی اپنی ہی رائفل کی گولی لگنے سے ہلاک
بھارت کشمیریوں کیساتھ دوسرے درجے کے شہریوں جیسا سلوک کر رہا :کانگریس منتخب حکومت کے باوجود لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے اہم فیصلے ہو رہے :طارق حمید
سرینگر،جموں(اے پی پی)مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوجی اپنی ہی سروس رائفل کی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ یہ واقعہ ضلع کے علاقے لنگیٹ میں ایک فوجی کیمپ میں پیش آیا ۔قا بض حکام نے بتایا کہ فوجی کی شناخت24سالہ جے دیپ کے نام سے ہوئی ہے ۔ واضح رہے بھارتی فوجیوں میں خودکشی اور ایک دوسرے کو قتل کرنے کے واقعات عام ہیں جنہیں اکثر حادثاتی فائرنگ قراردیا جاتا ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کو علاقے کی ریاستی حیثیت سمیت ان کے سیاسی حقوق سے محروم کر کے ان کے ساتھ دوسرے درجے کے شہریوں جیسا سلوک کر رہی ہے ۔طارق حمید قرہ نے جموں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک منتخب حکومت کی موجودگی کے باوجود بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اہم فیصلے اپنے لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے کر رہی ہے ۔